صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا 36 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا 36 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے ایڈیشنل سیکرٹری زاہدہ اظہر، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف اور ڈپٹی سیکرٹری فنانس حماد الرب، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد خواجہ، رجسٹرار پروفیسر ندیم قصوری، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، پروفیسر ڈاکٹر شمسہ ہمایوں، پروفیسر ڈاکٹر شیریں خاور، ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر معین، ایم ایس شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر فریاد، ایم ایس مزنگ ٹیچنگ ہسپتال، رکن پنجاب اسمبلی نوشین عدنان اور فرخ شاہ نے شرکت کی۔سینڈیکیٹ اجلاس میں محکمہ فنانس اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے افسران نے بطور سینڈیکیٹ ممبران شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے 35 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد خواجہ کو بہترین استاد اور پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر کو صدارتی ایوارڈ کے اعزاز پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ بلاک کیلئے بائیو میڈیکل سامان کی خریداری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو اگلے ایک سال کیلئے صفائی ستھرائی اور سیکورٹی خدمات لینے کی منظوری کے علاوہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو ٹیکس کنسلٹنٹ کی خدمات لینے کی بھی منظوری دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو ڈپٹی ڈائریکٹر رجسٹرار اکیڈمکس اور اسسٹنٹ رجسٹرار لیگل کی خدمات لینے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران گورنمنٹ مزنگ ٹیچنگ ہسپتال کو اگلے ایک سال کیلئے جینیٹوریل اور سیکیورٹی خدمات لینے کی منظوری کے علاوہ گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کو ایچ ویک سسٹم کو مرمت کروانے کیلئے ٹینڈر دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی لیبز کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔پنجاب کی طبی درسگاہوں میں ریسرچ کو پروان چڑھایا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کر رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کی پوری کوشش کریں گے۔
==================

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو طرفہ تجارتی و دیگر امور کے ساتھ ساتھ ایران کے تعلیمی تجربات سے بھی بھرپور استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں آئوٹ آف سکول چلڈرن کا چیلنج نہ ہونے کے برابر ہے۔ ایران کے تجربات سے مستفید ہوتے ہوئے پاکستان کا لٹریسی ریٹ بڑھائیں گے اور آئوٹ آف سکول بچوں کے چیلنج سے نکلیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پاک ایران تجارتی تعلقات مثالی ہیں۔ دونوں ممالک اہم تعلیمی شراکت دار بھی بنیں گے اور اپنے اپنے تعلیمی تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے مزید بہتر روابط قائم کریں گے۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ ایران کا تعاون پاکستان کی سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ تعلیمی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
==================
لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب میں طلبہ کو 20 ہزار موٹر سائیکلوں کی بلاسود فراہمی کے پروجیکٹ کے تحت پنجاب آئی ٹی بورڈ کے حکومتِ پنجاب کیلئے وضع کردہ ای بائیکس پورٹل کے ذریعے اب تک 1 لاکھ سے زائد طلبہ رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ طلبہ کی جانب سے موٹر سائیکل کے حصول کیلئے اب تک 16 ہزار سے زائد آن لائن درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 13 ہزار سے زائد طلبہ نے پٹرول بائیکس جبکہ 3 ہزار سے زائد طلبہ نے ای بائیکس کیلئے اپلائی کیا۔
اس تعلیم دوست اقدام کے تحت 20 ہزار ڈاؤن پیمنٹ اور بائیک کی ماہانہ اقساط پر مارک اپ بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ طلباء یا طالبات کا بائیکس حاصل کرنے کیلئے سرکاری یا نجی گریجوایٹ کالج/ یونیورسٹی کا ریگولر طالبعلم ہونا ضروری ہے جبکہ عمر 18 سال سے زائد اور ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ کا ہونا بھی ضروری ہے۔ پہلے مرحلے میں لاہور، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور اور راولپنڈی کے طلبہ میں ای بائیکس تقسیم کی جائیں گی جبکہ باقی اضلاع میں پٹرول بائیکس تقیسم کی جائیں گی جس کیلئے درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 29 اپریل مقرر کی گئی ہے۔ طلبہ bikes.punjab.gov.pk پر اپلائی کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ اس شفاف نظام کے ذریعے طلبہ کو بائیکس کیلئے درخواست دینے اور حصول میں بہت زیادہ آسانی ہوئی ہے۔
==================

لاہور(جنرل رپورٹر) ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں خاتون اول ایران ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے پاک ایران تعلقات کی گہرائی پر تفصیلی گفتگو کی، انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی ثقافت، علم و ادب کی مشترک اقدار کو خطے کا ورثہ قرار دیا۔ صدر اسلامی جمہوریہ ایران کی اہلیہ ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کی کتاب دی آرٹ آف لیونگ کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔ ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی دو طرفہ تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران تعلقات کو مضبوط بنانے ،تجارت،رابطے،توانائی، اور عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا ایک عظیم ایجنڈا رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کے دونوں ممالک کی قیادتیں علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانا ہو گا۔ ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی نے کہا یہ دورہ پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں خواتین کی خود مختاری کا مطلب اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنا ہیں، جس طرح پاکستان میں خواتین کے لیے یونیورسٹی اور کالج ہیں اسی طرح ایران میں بھی خواتین کی تعلیمی درس گاہیں ہیں جو خواتین کو آگے بڑھنے کا بھر پور موقع مہیا کرتی ہیں۔ ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی نے کہا کہ پاکستان اور ایران صرف ہمسایہ ملک ہی نہیں بلکہ ایک اچھا دوست بھی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے کہا کہ خاتون اول کا ہوم اکنامکس یونیورسٹی کا دورہ کرنا، تاریخی سنگ میل ہے اس سے دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات کو فروغ ملنے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں جشن نو روز بھی منایا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین هر شعبے میں ترقی کر رهی هیں.ایرانی اورپاکستانی خواتین مل کر تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں بھر پور کامیابی حاصل کر سکتی هیں ۔خاتون اول ایران کے دورہ کے موقع پر ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی فیکلٹی اور آرٹ اینڈ ڈیزائن کے تحت پاکستان کی ثقافت پر منعقدہ نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی کی جانب سے خاتون اول ایران ڈاکٹر جمیلہ عالم الہدی کو خصوصی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ تقریب میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر شگفتہ ناز، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکریٹری، ڈپٹی کمشنر لاهور ، اسسٹنٹ کمشنر شالامار سمیت اہم عہدیداروں اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
=================

لاہور(جنرل رپورٹر )الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز محکمہ صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور یہ لوگ دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہتے ہیں. سرکاری ہسپتالوں میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ہیلتھ رسک الاؤنس یونیفارم الاؤنس اور ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس سے محروم ہیں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے عہدیدران لاہور جنرل ہسپتال کے صدر عارف حسین بٹر، چیئرمین فقیر حسین اور محمد واصف جاوید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ہر قدرتی آفات، زلزلہ، کرونا اور ہر موذی امراض کے ساتھ لڑنے کے لیے سب سے آگے ہوتے ہیں۔ اس کیٹگری کو ہیلتھ رسک، یونیفارم اور ہیلتھ پروفیشنل الاونسز سے محروم رکھنا سراسر زیادتی ہے۔ہم وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ وزیر صحت اسپیشلائزڈ سلمان رفیق اور وزیر صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری خواجہ عمران نزیر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کو یہ الاؤنسز فل فور جاری کیے جائیں.
================