پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر سے پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر رانا پرویز کی سربراہی میں عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی


لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر سے پنجاب پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر رانا پرویز کی سربراہی میں عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں مریضوں کی بہتر نگہداشت، صفائی ستھرائی، ڈسپلن سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی،اس ملاقات میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل بھی موجودتھیں۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے گفتگو میں کہا کہ کسی بھی ہسپتال کا نظام احسن طریقے سے چلانے اور مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سے بہتر سہولیات بہم پہنچانے میں ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ پیرا میڈیکل سٹاف کا کردار بھی بنیادی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ طبی عملہ میڈیکل ٹیم کا لازمی جزو ہے جس کے لئے انہیں ہمیشہ لگن اور ہمت کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیتے رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی رہنمائی میں جنرل ہسپتال میں تمام مریضوں کو معیاری طبی سہولیات یکساں طور پر فراہم کرنے کیلئے اُن کے دیے گئے روڈ میپ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور پیرا میڈیکس بھی میڈیکل پروفیشنلز کے شانہ بشانہ احسن طریقے سے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ صوبائی صدر سٹاف ایسوسی ایشن رانا پرویز نے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کو عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اورپھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ رانا پرویز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ایل جی ایچ کو حکومتی پالیسی کے مطابق ماڈل ہسپتال بنانے میں بھرپور تعاون کریں گے اور پوری محنت، لگن اور جاں فشانی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو سٹیٹ آف دی آر ٹ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لئے ہمیں ہر روز نئی ہمت اور حوصلے کے ساتھ اپنے ذمہ داریاں ادا کرتے رہنا ہوں گی۔