۔جیکب آباد پولیس کی کاروائی سندھ کے صوبائی مشیر کے بیٹے کے پروٹوکول میں شامل پولیس موبائل کی نگرانی میں اسلحہ کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، جیکب آباد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے شکارپور پولیس کے 3 اہلکاروں سمیت 8 افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔جیکب آباد پولیس کی کاروائی سندھ کے صوبائی مشیر کے بیٹے کے پروٹوکول میں شامل پولیس موبائل کی نگرانی میں اسلحہ کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، جیکب آباد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے شکارپور پولیس کے 3 اہلکاروں سمیت 8 افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس نے بلوچستان سے آنے والی شکارپور پولیس کی موبائل اور ایک نجی ویگو گاڑی کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اس میں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمد کرکے 3 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا، ذرائع کے مطابق سندھ حکومت میں شامل ایک صوبائی مشیر کے پروٹوکول میں شامل شکارپور پولیس کی موبائل اور ویگو گاڑی بلوچستان سے بھاری مقدار میں اسلحہ لے جارہی تھی کہ سندھ بلوچستان کے سرحدی پٹی جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود میں شنبے شاہ چیک پوسٹ کے مقام پر پولیس نے ان کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے لگے جس کے بعد پولیس نے ان کو مولادادلنک روڈ کے قریب ان کو پکڑ لیا، تلاشی کے دوران ویگو گاڑی میں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولیاں برآمد کرکے شکارپور پولیس کے 3 اہلکاروں سمیتب8 افراد کو گرفتار کرلیا بعد ازاں اھم شخصیت کی مداخلت کےبعد صوبائی مشیر کے بیٹے کو چھوڑ دیا اور دیگر کے خلاف کاروائی کردی۔ ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان سے ویگو گاڑی میں سوار میں اسلحہ کے ڈیلر اور پولیس موبائل میں اسلحہ اسمگلنگ کرنے کی کوشش کی گئی حساس اداروں کے ساتھ ملکر کاروائی کرتے ہوئے شنبے شاہ چیک پوسٹ کے قریب پولیس نے ویگو کو روک کر 4 ملزمان ذاکر بھیو، اختیار لاشاری، نبیل بھیو اور توفیق گجر کو گرفتار کرلیا جبکہ پولیس موبائل میں موجود اے ایس آئی امیتاز علی بھیو، پولیس اہلکار ثناء اللہ، بقا محمد انڑ کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان کے قبضے میں سے ایک جی تھری، ایک کلاشنکوف، جی تھری کے 17 میگزین، کلاشنکوف کے 3 میگزین اور 2 ہزار 350 گولیاں برآمد کی گئی ہیں، ایس ایس پی کے مطابق اسلحہ کے ڈیلر اختیار لاشاری بلوچستان سے سندھ کی طرف اسلحہ اسمگلنگ کررہا تھا ان کے خلاف پہلے بھی اسلحہ اسمگلنگ کے مقدمات درج ہیں۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جے یو آئی نے سندھ میں بدامنی اور کچے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی کرنے کا الزام سندھ حکومت پر عائد کردیا، صوبائی مشیر کی گاڑی سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت خود بدامنی میں ملوث اور کچے کے ڈاکوؤں کی سہولت کار ہے۔ جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد میں صوبائی مشیر کی گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہونے سے ثابت ہوچکا ہے کہ سندھ حکومت میں شامل وزراء اور منتخب نمائندے ہی سندھ میں بدامنی کے ذمہ دار اور کچے کے ڈاکوؤں کے سہولت کار ہیں، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی روز اول سے کہہ رہی ہے کہ سندھ کے کچے میں تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈاکوؤں کی سرپرستی کون کررہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جیکب آباد سے برآمد ہونے والے اسلحہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور اصل کرداروں کو ظاہر کرکے قانون کے حوالے کیا جائے۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد اور کشمور پولیس کا ڈکیتوں اور اغوا کاروں کے خلاف مشترکہ آپریشن، 10 مشتبہ افراد گرفتار، ڈاکوؤں کے ٹھکانے مسمار کردئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد اور کشمور پولیس نے دونوں اضلاع کے ملحقہ علاقوں میں اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث مچھو بنگلانی اور اس کے گینگ کے کارندوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا پولیس نے آپریشن کے دوران 10 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ آپریشن کے دوران کئی ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو مسمار کرکے نذر آتش کیا گیا، جیکب آباد پولیس کے مطابق آپریشن میں بکتر بند گاڑیوں اور جدید مشنری کے ساتھ جیکب آباد اور کشمور اضلاع کی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے حصہ لیا، ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ کے مطابق جیکب آباد پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خاتمے اور امن امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے ضلع بھر میں وقتاً فوقتاً آپریشن جاری رہے گا۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد پولیس کی کاروائیاں، تین رپورش ملزمان سمیت 8 ملزمان گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پولیس نے مختلف کاروائیاں کرتے ہوئے 3 روپوش ملزمان سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس ترجمان کے مطابق سٹی تھانہ کی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے 3 روپوش ملزمان لکمیر بنگلانی، کرم اللہ بنگلانی اور شہباز بنگلانی کو گرفتار کرلیا، علاوہ ازیں سٹی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ایک ملزم ارشاد سمیجو کو گرفتار کرکے اس سے قبضے سے 20 لیٹر دیسی شراب برآمد کرلی، دریں اثناء سول لائن تھانہ کی پولیس نے ریلوے گودام کے قریب کاروائی کرتے ہوئے تین ملزمان زاہد، شاہنواز، اصغر اور مرتضیٰ کو گرفتار کرکے 20 لیٹر دیسی شراب برآمد کرلی، گرفتار تمام ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کردی گئی ہے۔