گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ڈاکٹر اقبال لاء سکول کے زیرِ اہتمام آلٹرنیٹیوڈسپیوٹ ریسولویشن (تنازعات کے متبادل حل) کے موضوع پر انٹر نیشنل کانفرنس کا انعقاد۔


لاہور(جنرل رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ڈاکٹر اقبال لاء سکول کے زیرِ اہتمام آلٹرنیٹیوڈسپیوٹ ریسولویشن (تنازعات کے متبادل حل) کے موضوع پر انٹر نیشنل کانفرنس کا انعقاد۔کانفرنس سے برطانیہ اور انڈیا سے قانونی ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ایک روزہ کانفرنس کا مقصد تنازعات کے متبادل حل کے مختلف پہلوؤں بشمول ثالثی پر روشنی ڈالنا تھا۔جی سی یو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد عدنان کی زیر صدارت افتتاحی سیشن میں بین الاقوامی مقررین نے شرکت کی جن میں انگلینڈ سے پروفیسر ڈاکٹر ہرمن روبورگ شامل تھے۔ انڈیا سے سابق ایڈووکیٹ جنرل ہریانہ ہمانشو راج نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ڈاکٹر اقبال لاء سکول کے شعبہ لاء کی چیئرپرسن ڈاکٹر عابدہ حسن نے کانفرنس کے مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کے وائس چانسلر میاں عمران مسعود، لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد رحیم اعوان، اولڈ راوئینز یونین کے صدر سید طیب حسین رضوی، گیلانی لاء کالج، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی پرنسپل سمزہ فاطمہ نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔
==================

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب آئی ٹی بورڈ اور محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس کی جانب سے نوجوانوں کو باعزت آن لائن روزگار فراہم کرنے کیلئے ای روزگار ٹریننگ پروگرام کے تحت نئے بیچ کیلئے آن لائن اور آن کیمپس کلاسز کا گزشہ روز آغاز ہو گیا ہے۔ آن کیمپس ٹریننگ کیلئے درخواست دینے والے امیدوار اپنے مقرر کردہ سینٹرز میں کلاسز لے سکیں گے جبکہ آن لائن ٹریننگ کیلئے درخواست دہندہ کو ای میل کے ذریعے فیس بک گروپس اور زوم رجسٹریشن کے بارے میں تفصیلات شیئر کی گئی ہیں۔ ای روزگار ٹریننگ پروگرام کے تحت پنجاب ڈومیسائل رکھنے والے بے روزگار نوجوان 7 مختلف شعبوں بشمول ٹیکنیکل، کانٹینٹ مارکیٹنگ اینڈ ایڈورٹائزنگ، کری ایٹو ڈیزائن، ای کامرس و دیگر میں 3 ماہ کی مفت تربیت حاصل کر سکیں گے ۔فی الوقت پنجاب کے 36 اضلاع میں 45 ای روزگار سینٹرز فعال ہیں اور اب تک 60 ہزار سے زائد طلباء تربیت مکمل کر کے انٹرنیٹ سے 8 ارب روپے سے زائد زرمبادلہ کما چکے ہیں، جن میں خواتین کی شرح 57 فیصد ہے۔