)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے روس کے سفیر البرٹ کوریو (Mr. Albert Khorev)نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے نئے تعینات ہونے والے سفیر کو خوش آمدید کہااور مبارکباد دی


لاہور(جنرل رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے روس کے سفیر البرٹ کوریو (Mr. Albert Khorev)نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے نئے تعینات ہونے والے سفیر کو خوش آمدید کہااور مبارکباد دی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے حال ہی میں روس میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں 140سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ پاکستان کے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات وقت کے ہرگزرتے لمحے کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی اور اقتصادی رابطوں کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی شراکت داری دونوں ممالک کے لیے ترجیحی شعبہ ہونا چاہئے اور دونوں ممالک کے مابین ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے بھی مشترکہ منصوبوں پر مل کر کام کرنا چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں زراعت اور زرعی تحقیق کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔گورنر پنجاب نے پنجاب یونیورسٹی میں رشین زبان سکھانے کے لیے ” رشین لینگویج سینٹر” کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا ۔
روس کے سفیر البرٹ کوریو (Mr. Albert Khorev) نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بہترین اور خوشگوارتعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس دونوں ممالک کے درمیان تجارتی ، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں اپنے دو طرفہ تعلقات کومزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔گورنر پنجاب نے سفیر کا گورنر ہائوس آنے پر شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے میں ہر ملک کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔
===================

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گورنمنٹ ہائی سکول ہئیر کا سرپرائز دورہ کیا۔ رانا سکندر حیات کی اچانک آمد سے انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ سکول میں سہولیات کے فقدان پر وزیر تعلیم نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ رانا سکندر حیات نے سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور بیشتر سہولیات پر عدم اطمینان کا بھی اظہار کیا۔ رانا سکندر حیات نے غیر تسلی بخش سہولیات پر سکول انتظامیہ کی سخت سرزنش کی۔ وزیر تعلیم نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے غیر فعال ہونے، واش رومز اور پلے گرائونڈ کی ابتر حالت پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے سکول پرنسپل اور سی ای او سکولز کو ایک ہفتہ میں تمام سہولیات فنکشنل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی سہولیات چیک کرنے کیلئے سرپرائز دوروں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بھی عہدہ سنبھالتے ہی سکولوں کو بنیادی سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ سکولوں کے حالات درست کرنے کیلئے میرے سرپرائز دورے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور معیاری سہولیات دینا پنجاب حکومت کا ویژن ہے۔ رانا سکندر حیات نے تمام پرنسپلز کو متنبہ کیا کہ اپنے اپنے سکولوں کے حالات فی الفور درست کریں۔ کسی بھی سکول میں سہولیات کی کمی ناقابل برداشت ہے۔ اس سلسلے میں معافی کی امید نہ رکھی جائے۔