اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس 68 ہزار پوائنٹس کی بُلند ترین سطح پر

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 520 پوائنٹس اضافے کے بعد 68 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 26 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 520 پوائنٹس یا 0.77 فیصد بڑھ کر 68 ہزار 276 پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کے ایس ای-100 انڈیکس 869 پوائنٹس بڑھ کر 67 ہزار 756 کی تاریخی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔

اس سے قبل 28 مارچ 2024 کو کے ایس ای-100 انڈیکس 594 پوائنٹس اضافے کے بعد 67 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا تھا کہ مارکیٹ میں اضافے کا رجحان جاری ہے اور کے ایس ای-100 انڈیکس نے 67 ہزار کی حد عبور کر لی۔

ان کا کہنا تھا کہ نجکاری اور آئی ایم ایف کے حوالے سے مثبت خبریں مل رہی ہیں جبکہ بیرونی اور مقامی اداروں کی جانب سے خریداری کی گئی ہے۔

27 مارچ کو 100 انڈیکس 641 پوائنٹس فیصد اضافے کے بعد 66 ہزار 547 کی تاریخی بُلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

اس سے قبل 12 دسمبر 2023 کو کے ایس ای-100 انڈیکس 66 ہزار 426 پوائنٹس کی بُلند سطح پر پہنچا تھا۔

عید الفطر کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہو گی، مزید کہا کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہو جائےگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق غروبِ آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا، 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 9 اپریل کو ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے، شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہو سکتا ہے۔