انتخابات کے نتائج کا اعلان 9 فروری کی رات 1 بجے کرینگے: الیکشن کمیشن

لاہور: ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے نتائج کا اعلان 9 فروری کی رات 1 بجے کرینگے، الیکشن کے دن ملک بھر سے رزلٹ بر وقت الیکشن کمیشن بھیجنے کیلئے تمام ترانتظامات کرلیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام حلقوں کے ریٹڑننگ آفسران کو تین تین ڈیٹا انٹری آپریٹرز فراہم کیے جائیں گے، الیکشن 2024 میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا استعمال کیا جائے گا، آر ٹی ایس سسٹم بیٹھنے کی وجہ ایک وقت میں ایک ڈیٹا انٹری سسٹم تھا اور نتائج موصول میں ہونے میں زیادہ وقت لگا۔

الیکشن 2024 صاف ،شفاف اورغیرجانبدارانہ کرانے کیلئے ٹیکنالوجی کا بھرپوراستعمال کیا جائے گا، آراوز کو فائبرآپٹکس کی سہولت میسرہوگی اورمتبادل کے طور پر وائی فائی ڈیوائس بھی دینگے، الیکشن کمیشن چاروں صوبوں میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا کامیاب تجربہ کر چکا ہے، الیکشن کمیشن مختلف اضلاع میں ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے دفاتر سے ای ایم ایس کا تجربہ کرچکا ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ای ایم ایس سسٹم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے، ای ایم ایس کے ذریعے نتائج انٹرنیٹ اور بغیر انٹرنیٹ کے بھی بھیجےجائینگے، پریذائیڈنگ افسران اپنے پولنگ سٹیشن کے نتائج ریٹرننگ افسران کو بھجوائیں گے۔

ریٹرننگ افسران رزلٹ تیار کر کے ڈیجیٹل اور مینوئل طریقے سے الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024ء میں سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار تمام پولنگ اسٹیشنز کے ڈیوٹی پر موجود ہوں گے اور پر امن ماحول کو یقینی بنائیں گے۔ ان پربیلٹ پیپرز کی بحفاظت نقل و حرکت کو پہنچانے کی ذمہ داری ہو گی۔ اہلکار صاف شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔

ای سی پی نے کہا ہے کہ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کیلئے الگ ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے گا۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ کارپوریشنز پرسیکیورٹی کیلئے اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔بیلٹ پیپرز کی ریٹرننگ افسران تک ترسیل پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی سیکیورٹی کی نگرانی میں ہو گی۔