چائنا میڈیا گروپ کے جشن بہار ایوننگ گالا کی شاندار تیاریاں جاری

تحریر: زبیر بشیر
چین میں جشن بہار کا رنگ غالب ہے۔ درخت اور عمارتیں رنگا رنگ برقی قمقموں کا لباس پہنے سال نو کا استقبال کر رہے ہیں۔ سڑکوں کے کنارے لگے خوبصورت فانوسوں(لالٹین)، تہنیتی پیغامات کے بینرز ،گھروں، ہوٹلوں اور تقریباً سبھی نجی و سرکاری عمارتوں کی داخلی اور اندرونی سجاوٹ میں سرخ رنگ غالب ہے۔ ان دنوں چینیوں کے لباس اور کھانوں میں بھی ثقافت کی جھلک دکھائی دے رہی ہے۔ ہر طرف خوشیاں ہی خوشیاں اور جشن کا سماں ہے۔ ان تمام مناظر میں ایک خوبصورت اور دلکش اضافہ چائنا میڈیا گروپ کا جشن بہار”ایوننگ گالا” ہے۔ یہ ایسا رنگا رنگ ٹیلی ویژن پروگرام ہے جس کی پوری چینی قوم دیوانی ہے۔
اس ایوننگ گالا میں مختلف شوز کے ذریعے دنیا بھر میں موجود چینی شہریوں کو جشن بہار منانے کے لئے مثبت اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا تا ہے۔ سن 1983 میں شروع ہونے والا جشن بہار ایوننگ گالا گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ٹی وی پروگرام کی حیثیت سے جانا جاتا ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ چین میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ایسی ہی ایک خوشگوار تبدیلی چاندرات کو پیش کیا جانے والا چائنا میڈیا گروپ کا ” ایوننگ گالا شو” ہے۔
15 جنوری کو ، چائنا میڈیا گروپ کے “اسپرنگ فیسٹیول گالا 2024” کی پہلی ریہرسل کی گئی۔ گالا میں مختلف قسم کے اعلی معیار کے پروگرامز اور انٹرایکٹو سرگرمیوں مثلا گانے ، رقص ، اوپیرا ، کراس ٹاک ، اور ڈراماز کے ذریعے دنیا بھر میں چینی لوگوں کے لئے خوشی سے بھرپور نئے چینی سال کا ایک شاندار ایونٹ پیش کیا جائے گا۔
2024 کااسپرنگ فیسٹیول گالا “پیپلز اسپرنگ فیسٹیول گالا” کے اصول پر عمل پیرا ہے، اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ اسپرنگ فیسٹیول گالا کے مرکزی کردار ہیں، جو نئے دور کی جوش و جذبات سے بھرپورہے،اور لوگوں کی بہتر زندگی کے لئے مسلسل جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے.
رواں برس یہ گالا مختلف شہروں سے نشر کیا جائے گاصوبہ لیائو نینگ کا شہر شین یانگ صوبہ حو نان کا شہر چانگ شا،صوبہ شان شی کا شہر شی آن اور سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے کا شہر کاشغر ، بیجنگ میں مرکزی مقام کے ساتھ مل کر چینی نئے سال کے موقع پر دنیا بھر کے چینیوں کے لئے ڈریگن کے سال کا ایک پرجوش اسپرنگ فیسٹیول گالا لائیں گے۔ چائنا میڈیا گروپ کے صدر شین ہائی شیونگ نے ذیلی مقامات جاری کرنے کی تقریب میں شرکت کی اور سی ایم جی کے نائب صدر وانگ شیائو زن، صوبہ لیائو نینگ کی پارٹی کمیٹی کے وزیر اطلاعات، صوبہ حو نان کی پارٹی کمیٹی کے وزیر اطلاعات، صوبہ شان شی کی پارٹی کمیٹی کے وزیر اطلاعات اور سنکیانگ ویغور خود اختیار علاقے کی پارٹی کمیٹی کے وزیر اطلاعات کے ساتھ ملکر سی ایم جی اسپرنگ فیسٹیول گالا کے ذیلی مقامات کا افتتاح کیا۔
چائنا میڈیا گروپ کے فنی و ثقافتی پروگرام کے سینٹر کے سربراہ نے بتایا کہ سی ایم جی کا 2024 اسپرنگ فیسٹیول گالا “1+4” ماڈل اپنائے گا، جو ایک مرکزی مقام اور چار ذیلی مقامات پر مشتمل ہوگا، جس میں ملک بھر کی لوک ثقافت اور نئے دور میں نئے منظرنامے کو دکھایا جائے گا ۔ تقریب میں سی ایم جی کے چار ذیلی مقامات نے چار مختلف پروگرام پیش کئے جو اپنے اپنے علاقائی انداز اور منفرد شہری کشش کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
چین کے لوگ روایتی رسم و رواج کے مطابق جشن بہار کا موسم قمری کیلنڈر کے بارہویں یعنی آخری مہینے “لایوئے” کی 23ویں تاریخ سے شروع ہوتا ہے اور اگلے سال کے پہلے ماہ یعنی “چنگ یوئے” کی 15 ویں تاریخ کو لالٹین تہوار تک منایا جاتا ہے ۔ اس دوران سال گزشتہ کی آخری رات اور نئے سال کا پہلا دن سب سے اہم دن ہیں۔ جشن بہار کی شام کی خاندانوں کے ملن میں خصوصی اہمیت ہے۔ اس روز وہ نوجوان یا افراد جو اپنے گھروں اور شہروں سے تعلیم حاصل کرنے یا نوکری کی کی غرض سے باہر گئے ہوتے ہیں وہ واپس لوٹ آتے ہیں۔ اس رات لوگ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اکھٹے ہو کر ایک بڑی ضیافت کا اہتمام کرتے ہیں۔ وہ رات دیر تک جاگتے ہیں۔ ان کی آنکھیں نئے سال کے استقبال کے لئے منتظر رہتی ہیں۔ اس رات وہ چیز جو ضرور کھائی جاتی ہےوہ ہے ڈمپلنگ۔ یہ رات خاندانوں کو آپس میں جوڑتی ہے اور جشن بہار ایوننگ گالا پوری قوم کو ایک ساتھ جوڑتا ہے۔
=========================

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC