اداکاری پر بات کریں میری فیملی آپ کی انٹرٹینمنٹ کے لیے نہیں، سدرہ نیازی

شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سدرہ نیازی نے سوشل میڈیا پر انفلوئنسرز اور ولاگر سے متعلق نجی زندگی سے متعلق مواد شیئر کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ سدرہ نیازی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی اور سوشل میڈیا پر انفلوئنسرز اور ولاگر سے متعلق نجی زندگی سے متعلق پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کھل کر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس کے خلاف ہوں، ہمیں اپنی زندگیاں سب کے سامنے کھول کر رکھنی پڑ رہی ہے، آپ مجھ پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن میری فیملی آپ کی انٹرٹینمنٹ کے لیے نہیں ہے۔

سدرہ نیازی نے فہد مصطفیٰ کی بات سے بھی اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بالکل ٹھیک کہا تھا کہ مواد کے نام پر ہمیں اپنی زندگیاں سب کے سامنے کھول کر رکھنی پڑ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ انتہائی دکھ کی بات ہے اور ایسا کرنے پر ہمیں نتائج کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میں اپنی زندگی کی مصروفیات بالکل شیئر نہیں کرتی، مجھ سے جتنا ممکن ہوتا ہے اپنے متعلق بنیادی باتیں مداحوں تک ضرور شیئر کرتی ہوں، آپ میرے کام کے بارے میں بات کر سکتے ہیں، مجھ پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن میری فیملی آپ کی انٹرٹینمنٹ کے لیے نہیں ہے۔‘

سوشل میڈیا پر فیملی کے نام پر مواد شیئر کرنے پر سدرہ نیازی نے کہا کہ ’اداکاروں کے علاوہ انفلوئنسرز، بلاگرز کی بڑی تعداد اس کام کے لیے تیار ہے کہ انہوں نے کیا کھایا، کیا پکایا، کہاں گئے، کس سے ملاقات کی، گھر پر کیا ہوا، کیا خوشی منائی، وہ کس موڈ میں ہیں، ایسے لوگ اپنی زندگی کے بارے میں ہر چیز سوشل میڈیا پر بتاتے ہیں اور یہ کام شوق سے کرتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ ایسا کام کرتے ہیں آپ ضرور کریں لیکن مجھ جیسے لوگ جو سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کی مصروفیات شیئر نہیں کرنا چاہتے ان کی پرائیویسی کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے۔‘

اس سے قبل سدرہ نیازی نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام میں بتایا تھا کہ وہ کرائم رپورٹنگ کررہی تھیں اور پھر اداکارہ بن گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ لاہور میں ایک نیوز چینل میں کرائم رپورٹنگ کرتی تھیں، اور ان کی شروع سے ہی خواہش تھی کہ وہ صحافت میں ہی رہیں، تاہم ایک بار جب ایک اور نیوز چینل میں جانا چاہا تو انھیں نیوز کاسٹنگ کی پیش کش کی گئی، لیکن چوں کہ انھیں ہر وقت اسکرین پر آنے کا شوق نہیں تھا، تو انھوں نے انکار کر دیا۔

سدرہ نے بتایا تھا کہ ایک ملاقات میں ڈراما ڈائریکٹر سلطانہ صدیقی سے اسکرپٹ پر کام کرنے سے متعلق تجویز مانگی تھی، اسی ملاقات میں انھوں نے اسکرین پر آنے کا مشورہ دیا۔

30 سالہ اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ صحافت اور رپورٹنگ کرتے کرتے پہلے تو ماڈلنگ کی دنیا میں داخل ہوئیں، اور پھر انھوں نے ایک جاننے والے ڈائریکٹر کی ٹیلی فلم ’لال‘ میں کام کیا، جس کے بعد وہ فُل ٹائم اداکارہ ہی بن گئیں۔

واضح رہے کہ سدرہ نیازی اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’سمجھوتہ‘ میں عدیل چوہدری (اسد) کی اہلیہ (فرح) کا کردار نبھایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے سراہا گیا تھا۔

سمجھوتہ کی ہدایت کاری کے فرائض اسد اقبال نے انجام دیے جبکہ اس کی کہانی رخسانہ نگار نے لکھی تھی
https://urdu.arynews.tv/actor-sidra-niazi-recent-interview/?fbclid=IwAR2nKW1xIBwGY4KYKcX5fqyvn-xRo-e_a7dAwjeztYjUoKD70Gg6AkTvs10

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC