ناامیدی اور بے چینی کے خاتمے کے لئے اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں، گورنر سندھ کراچی کے انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کاموں پر فوری عمل درآمد ہونا چاہیئے ، فراز الرحمان فراز الرحمان پی بی جی کو متحرک رکھنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، فرحان الرحمان، زبیر چھایا، خالد تواب ، اختیار بیگ

کراچی ( ) پاکستان میں ٹیلنٹ کی بھرمار ہے ، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور یکجہتی کی فضاء کو قائم رکھنے کے لئے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، جبکہ ناامیدی اور بے چینی کے خاتمے کے لئے مثبت اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں۔یہ بات گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تابانی گروپ کے سی ای او حمزہ تابانی کی جانب سے پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن اور کاٹی کے صدر فراز الرحمان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کے دوران کہی۔اس موقع پر فرحان الرحمان ، خالد تواب،زبیر چھایا، اختیار بیگ، اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ فراز الرحمان کاٹی کے لئے بہترین انداز میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ایس منیر مرحوم کے انتخاب کو صحیح ثابت کرتے ہوئے کاٹی کو ملک کی صفِ اول کی ٹریڈ باڈیز میں شمار کراچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب فراز الرحمان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے کا معلوم ہوا تو میں نے خصوصی طور پر اس تقریب میں شامل ہونے کے لئے امریکہ میں اپنی مصروفیات کو مختصر کرکے اس تقریب میں شرکت کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پی بی جی او نے نہایت کم عرصے میں عالمی سطح پر بزنس کمیونٹی کو یکجا کرنے کی کوشش میں کامیابی حاصل کی جس کا کریڈٹ بانی صدر فراز الرحمان کو جاتا ہے۔ کامران ٹیسوری نے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں اپنی بھرپور معاونت اور تعاون کا بھی یقین دلایا۔پی بی جی او کے بانی صدر فراز الرحمان نے کہا کہ یہ حقیقت سب پر عیاں ہے کہ کراچی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ملکی محصولات، ٹیکس کی مد میں سب سے زیادہ حصہ ادا کرتا ہے مگر کیا وجہ ہے کہ کراچی کو اس کا جائز حق نہیں ملتا، نہ ہی ترقیاتی کاموں میں تیزی آتی ہے اور نہ ہی انفرااسٹرکچر جیسے بنیادی مسائل حل ہوتے ہیں۔صدر کاٹی نے مزید کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال مخدوش ہے لیکن عبوری حکومت کے دور میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر پر فوری توجہ درکارہے کیونکہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کا انحصار ایس ایم ای سیکٹر پر ہوتا ہے اور اسے ریڑھ کی ہڈی تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں کے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں انڈسٹریلائزیشن کو ترقی حاصل ہو۔ صدر کاٹی نے مزید کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل ایک پاکستانی قوم بن کر ملک میں صنعتوں کا جال بچھانے اور ملکی مصنوعات کو فروغ دینے میں ہی ہے ۔فراز الرحمان نے ملک میں جاری گیس کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے گیس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہیے۔ کاٹی کے ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا نے صدر کاٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فراز الرحمان جس طرح کاٹی کے صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے کاوشیں کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہے، اور امید ہے کہ فراز الرحمان پی جی او کے پلیٹ فارم تلے بزنس کمیونٹی کو یکجا کرنے کے مشن میں ضرور سرخرو ہوں گے۔اس موقع پر پاکستان بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ فرحان الرحمان نے کہا کہ پی بی جی او دنیا بھر میں پھیلے متحرک پاکستانی بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہے ہیں تاکہ دنیا بھر میں پھیلے ٹیلنٹ کو یکجا کرکے پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے استعمال کریں اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں۔یوبی جی کے لیڈر خالد تواب نے کہا کہ فراز الرحمان پی بی جی کو متحرک رکھنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور ہم پی بی جی کی حمایت سے فیڈریشن الیکشن میں بہترین انداز میں الیکشن مہم کو کامیاب کرائیں گے۔ڈاکٹر اختیار بیگ نے کہا کہ پی بی جی او دنیا بھر کی بزنس کمیونٹی کے لئے نہائت موثر آواز بن کر ابھر رہی ہے ۔
فوٹو کیپشن: گورنر سندھ کامران ٹیسوری، پاکستان بزنس گروپ کی بانی صدر فراز الرحمان، فرحان الرحمان، خالد تواب، زبیر چھایا تابانی گروپ کے سی ای او حمزہ تابانی کی جانب سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کررہے ہیں۔
=======================

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC