ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے سستی اور آسان رہائش فراہم کرنے والوں کو بھی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگران صوبائی وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے سستی اور آسان رہائش فراہم کرنے والوں کو بھی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ ماضی میں تعمیرات کے شعبہ میں جو ہوتا رہا آئندہ ایسا نہ ہو اس ہے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ چھوٹے بلڈرز کو درپیش مسائل کو حل کرنا بھی ہماری اولین ترجیح ہے البتہ چھوٹے بلڈرز کو بھی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے کاروبار کو عوامی مفاد کے لئے چلانا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں چیئرمین آل کراچی ریٹیلرز اینڈ اسمال بلڈرز کاشف شاہ اور صدر کامران نظیر کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفد میں وقار علی شاہ، بابر شیخ، سلمان احمد، کبیر خان، فرقان خان، عامر شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین کاشف شاہ اور صدر کامران نظیر نے اسمال بلڈرز کو ایس بی سی اے، کے ڈی اے، ایم ڈی اے سمیت دیگر محکموں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور درخواست کی کہ ان کے ان مسائل کو حل کرنے میں محترم صوبائی وزیر بلدیات اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت کوئی سیاسی حکومت نہیں اور نہ ہی ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈہ ہے ہمارا مقصد جب تک نگران حکومت ہے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آباد کے وفد سے ملاقات میں بھی انہوں نے ان کے تمام جائز مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی اور آج الحمدللہ ان کے 90 فیصد سے زائد مسائل حل کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمال بلڈرز بھی اس شہر کی تعمیرات کے لئے اہم کردار ہیں اور انشاءاللہ آپ کے بھی تمام جائز اور قانونی مسائل کو نہ صرف حل کیا جائے گا بلکہ اس کے لئے باقاعدہ تمام اداروں کے سربراہان سے ایک اجلاس میں تمام مسائل کو سامنے رکھ کر حل کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمال بلڈرز بھی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سستی اور آسان رہائش فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ اس کے براہ راست اثرات عام عوام کو ملتے نظر آئیں۔
=====================

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC