پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹس کے دفاتر میں قبل از روانگی بریفنگ پروگرام کا آغاز

18 اگست 2023ء

بینک دولت پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اختر جاوید اور بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای اینڈ او ای) کے ڈائریکٹر جنرل اکرم علی خواجہ نے بیرونِ ملک جانے والے کارکنوں کے لیے قبل از روانگی بریفنگ پروگرام کا مشترکہ آغاز کردیا۔ یہ پروگرام پاکستان بھر کے پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹس دفاتر میں منعقد کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں اسٹیٹ بینک، پاکستان ریمی ٹینس انی شی ایٹو (پی آر آئی)، بی ای اینڈ او ای کے سینئر حکام اور ترسیلاتِ زر جمع کرنے والے بڑے بینکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پاکستان ریمی ٹینس انی شی ایٹو (پی آر آئی) نے قبل از روانگی کا بریفنگ پروگرام بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اور بینکوں کے اشتراک سے تیار کیا ہے۔ یہ پروگرام عازمِ سفر ہونے والے کارکنوں کو ملک میں ترسیلات زر بھیجنے کے لیے باضابطہ ذرائع کا استعمال سکھانے کے حوالے سے ایک اہم اقدام ہے۔ چونکہ ان کارکنوں کے لیے پاکستان بھر میں قائم پروٹیکٹوریٹ آف امیگرنٹس میں اپنا اندراج کرانا ضروری ہے؛ لہٰذا یہ پروگرام ان کارکنوں کو ترسیلات زر بھیجنے اور اپنے اور اپنے استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹس کھولنے اور باضابطہ ذرائع کا استعمال سکھانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ بیرون ملک مقیم کارکنوں کو ترسیلاتِ زر بھیجنے کے لیے باضابطہ ذرائع کے بارے میں تعلیم دی جائے، بینک اکاؤنٹس، بالخصوص جوائنٹ اکاؤنٹس کھولنے میں ان کی مدد کی جائے، بے ضابطہ ذرائع استعمال کرنے کے خطرات کو اجاگر کیا جائے اور بیرون ملک جانے والے کارکنوں کو حکومتی پروگراموں / اسکیموں کے ساتھ ساتھ ملکی ترسیلات زر سے متعلق بینکوں کی مصنوعات کی معلومات دی جائے۔

اختر جاوید نے اپنے خطاب میں پاکستان کی معیشت کے لیے ترسیلاتِ زر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر زرِمبادلہ ذخائر میں اضافے اور ادائیگیوں کے توازن میں مدد دے کر ملکی معیشت کو استحکام فراہم کرتی ہیں۔ بریفنگ پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کارکنوں میں بے ضابطہ ذرائع کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے علاوہ ان کے استعمال کے خطرات سے آگاہی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پی آر آئی کے سربراہ ذوالفقار کھوکھر نے پروگرام، متعلقہ سرگرمیوں اور بینکوں، اسٹیٹ بینک/ پی آر آئی اور بی ای اینڈ او ای کے کردار اور ذمہ داریوں کی تفصیلات بتائیں ۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل اکرم علی خواجہ نے بیرون ملک کارکنوں کے لیے پروگرام شروع کرنے پر اسٹیٹ بینک ، پی آر آئی اور بینکوں کو سراہا ۔ انہوں نے مطلوبہ مقاصد کے حصول کے لیے بینکوں کو پلیٹ فارم کی فراہمی میں بی ای اینڈ او ای کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

********