بالی ووڈ میں اقربا پروری انتہائی افسوس ناک ہے، ارشد وارثی

بھارتی اداکار ارشد وارثی بھی بالی ووڈ میں اقربا پروری پر پھٹ پڑے، کہا کہ اگر عام اداکار کی فلم ناکام ہوجائے تو وہ برباد ہوجاتا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک تازہ انٹرویو کے دوران ارشد وارثی نے کہا کہ بالی ووڈ میں اقربا پروری انتہائی افسوس ناک ہے، لیکن ہم کر بھی کیا سکتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ اداکاروں کا ایک طبقہ ایسا ہے جسے دوسرے طبقے سے خصوصی رعایت مل رہی ہوتی ہے۔ جی ہاں میں ایسے بچوں کی بات کر رہا ہوں جن کا پہلے سے فلم انڈسٹری سے تعلق ہے۔ ان کی ایک آدھ فلم ناکام ہو بھی جائے تب بھی انہیں فلموں میں کام مل جاتا ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ارشد وارثی کا کہنا تھا کہ کچھ ایسے بھی لوگ ہیں جن کا انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اگر ایسے لوگوں کی ایک فلم بھی ناکام ہوجائے تو وہ برباد ہوجاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں تو کوئی شکایت نہیں کر سکتا، اس انڈسٹری نے مجھے بہت کچھ دیا ہے، میں سب سے محبت کرتا ہوں اور ہمیشہ سب کا شکرگزار رہتا ہوں۔

خیال رہے کہ فلم ’تیرے میرے سپنے‘ سے اپنی اداکاری کا آغاز کرنے والے ارشد وارثی نے ’ہوگی پیار کی جیت‘، ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘، ’لگے رہو منا بھائی‘، ’گول مال سیریز اور ’عشقیا‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔