’جوان‘ کا ٹریلر لانچ، شائقین نے فلم کو بلاک بسٹر قرار دے دیا

بالی ووڈ کنگ شاہ رُخ خان کے مداحوں کا انتظار ہوا ختم، نئی فلم ’جوان‘ کا ایکشن اور تھرلر سے بھرپور ٹریلر جاری کر دیا گیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کنگ خان نے اپنی آنے والی فلم ’جوان‘ کا ٹریلر شیئر کر دیا ہے، جس میں انہیں مختلف روپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

کبھی کنگ خان اپنے آدھے چہرے پر ماسک لگائے ہوئے نظر آئے تو کسی سین میں اپنے چہرے اور جسم کو مکمل طور پر پٹیوں سے ڈھانک لیا تو کہیں یہ ہی پٹیاں اُتارتے ہوئے نظر آئے، فلم کے ایک سین میں تو اپنا سر تک منڈوالیا۔

ایکشن اور تھرلر سے بھرپور فلم ’جوان‘ کے ٹریلر لانچ کے بعد شائقین کی فلم کے لئے دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔

کنگ خان نے سوشل میڈیا پر فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں کون ہوں کون نہیں، جاننے کے لئے تیار ہیں؟‘

انہوں نے بتایا کہ فلم جوان 7 ستمبر کو بھارت سمیت مختلف ممالک میں ہندی، تامل اور تیلگو زبان میں پیش کی جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی کاسٹ میں سنجے دت اور دیپیکا پڈوکون بھی شامل ہیں جو جلد ہی اپنی اداکاری کے جلوے بکھیریں گے۔

ٹریلر لانچ کے صرف 24 گھنٹوں کے دوران اسے 50 ملین سے زائد بار دیکھا اور پسند کیا جاچکا ہے جبکہ یہ یوٹیوب پر ٹرینڈ بھی کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین فلم کو پہلے ہی بلاک بسٹر قرار دے رہے ہیں اور رومانس کے بادشاہ کو ایکشن کا کنگ بھی قرار دے رہے ہیں۔