نئی فلم’تیری میری کہانیاں‘ کی ملک بھر میں شاندار اوپننگ

عید قربان پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمی صنعت کی نئی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں شاندار اوپننگ کی ہے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے بعد بھی ’تیری میری کہانیاں‘ کا ملک بھر میں شاندار بزنس جاری ہے۔

ڈائریکٹرز ندیم بیگ، نبیل قریشی اور مرینہ خان کی زیر ہدایت بنی اس انتھالوجی میں عہدِ حاضر کے نامور فنکاروں نے اپنے فن کے جوہر دکھائے ہیں۔

اداکاروں میں وہاج علی، مہوش حیات، زاہد خان ، آمنہ الیاس، شہریار منور، رمشا خان، حِرا اور مانی کی جوڑی شامل ہے۔

تمام فنکاروں نے کہانیوں کے مطابق اپنے کرداروں سے بھرپور انصاف کیا جس کے باعث فلم شائقین بالخصوص فیملیز کی توجہ و پسندیدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

فلم کے ہیرو وہاج علی نے لاہور کے مقامی سنیما میں اسپیشل اسکریننگ کا اہتمام کیا جس میں فلمی صنعت کی نامور شخصیات ریشم، مایا علی، بلال لاشاری، عمارہ حکمت، نیئر اعجاز، عثمان پیرزادہ، خلیل الرحمان قمر سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ فنکاروں سمیت دیگر شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

فنکاروں کا کہنا تھا کہ ’تیری میری کہانیاں‘ ایک منفرد نوعیت کی فلم ہے جس میں الگ کہانیوں کو باکمال انداز میں ایک پیراہن میں پرو کر انتہائی مہارت سے شائقین کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

فلم کی یہی منفرد بات اور مضبوط پلاٹ اسے دیگر فلموں سے ممتاز بناتا ہے۔