مہوش حیات اور رمشا خان نے وہاج علی کی شاندار کامیابی پر کیا کہا؟

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات اور رمشا خان نے ساتھی اداکار وہاج علی کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

مہوش حیات اور رمشا خان نے حال ہی میں برطانوی نشریاتی اداکارے کو ایک خصوصی انٹرویو دیا ہے۔

اس انٹرویو کے دوران دونوں اداکاراؤں سے سوال کیا گیا کہ وہاج علی کے بہت ہی کم وقت میں لوگوں کے دل کی دھڑکن بن جانے کی وجہ کیا ہے؟

مہوش حیات نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ سب سے پہلے تو میں اس بات سے اتفاق نہیں کرتی کہ وہاج علی نے بہت کم وقت میں اتنی شرت حاصل کی ہے کیونکہ وہ تقریباً ایک دہائی سے اس مقام تک پہنچنے کے لیے محنت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب ڈرامہ انڈسٹری کی طاقت ہے، اگر کوئی اداکار ایک کردار کو صحیح سے سمجھ لے گا، اسے خوبصورت انداز سے پیش کرے گا اور وہ ناظرین کو پسند بھی آئے گا تو وہ یقینی طور پر قوم کا پسندیدہ اداکار بن جائے گا۔

مہوش حیات کو ٹوکتے ہوئے رمشا خان نے ہنستے ہوئے ان سے پوچھا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ڈراموں میں دوبارہ نظر آنے والی ہیں؟

رمشا خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ بالکل، میں کچھ اسکرپٹس پڑھ رہی ہوں اور اس سال کے آخر تک میں ایک ڈرامے میں کام کروں گی، کیونکہ ڈرامے ہر گھر میں دیکھے جاتے ہیں اور وہاج علی کو دیکھنا تو لوگوں کو بہت پسند ہے۔
رمشا خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں وہاج علی کی یہ کامیابی دیکھ کر بہت زیادہ خوش ہوں اور مجھے ان پر فخر ہے۔

اُنہوں نے وہاج علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سب کچھ بلکہ اسے بھی زیادہ کے حق دار ہیں، میں نے 6 سال پہلے وہاج علی کے ساتھ کام کیا تھا، وہ بہت زیادہ محنتی ہیں اور ان کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ بہت زیادہ عاجزانہ طبیعت کے مالک ہیں۔

رمشا خان نے یہ بھی کہا کہ وہاج علی کو اداکاری کے لیے اپنی آنکھوں کا استعمال کرنا بہت اچھی طرح آتا ہے۔