شوبز ستاروں نے عیدالاضحیٰ پر اپنایا منفرد انداز

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف ستاروں کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر منفرد انداز میں عید کی مبارک باد دینے کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے۔

کسی نے عیدالاضحیٰ کے مصروف ترین دن کے آغاز سے قبل کچھ وقت نکال کر ہاتھوں پر مہندی لگائی تو کسی نے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنے کو غنیمت جانا لیکن ایسے میں بھی یہ ستارے اپنے پرستاروں کو نہ بھولے اور انہیں چاند رات اور عید کی مبارک باد اپنے اپنے انداز میں دے رہے ہیں۔

جیو کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ کی میرب یعنی یمنیٰ زیدی نے سفید رنگ کے لباس اور ہاتھوں میں لال گلاب اور گجرے پہن کر مداحوں کو چاند رات کی مبارک باد دی۔
قطر میں سیر سپاٹوں میں مصروف عائزہ خان نے بھی اپنے مداحوں کو یاد رکھا اور چاند رات کو نیلے جبکہ عید کے روز ہلکے گلابی رنگ کے لباس میں عید کی مبارک باد دی۔
حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی مدیحہ امام نے اپنے شوہر موجی بصر کے ہمراہ تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں۔
مدیحہ امام نے ایک اور پوسٹ شیئر کر کے مداحوں کو عید کی مبارک باد دی۔ خیال رہے کہ مدیحہ امام شادی کے بعد زیادہ تر وقت متحدہ عرب امارات میں گزار رہی ہیں اور کام کے سلسلے میں پاکستان آتی جاتی رہتی ہیں۔
سینئر اداکارہ روبینہ اشرف اور ان کی بیٹی و اداکارہ منیٰ طارق نے مہندی لگا کر روایتی عید کے احساس کو تازہ کیا جبکہ ہلکے بھورے رنگ کا لباس پہنے روبینہ اشرف نے مداحوں کو عید کی مبارک باد پیش کی۔
دوسری جانب ہلکے سبز رنگ کے لباس میں تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی بیٹی منیٰ طارق نے اپنے مداحوں کو عید مبارک کہا۔
اداکارہ درفشاں اور ماورہ حسین نے مہندی سے سجے ہاتھوں کے ساتھ مداحوں کو چاند رات کی مبارک باد دی اور اداکارہ عائشہ عمر نے روایتی سبز و سرخ جوڑے میں مداحوں کو عید مبارک کہا۔