امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن، عالمی ریکارڈ قائم کرنے والی باپ بیٹے کی واحد اداکار جوڑی

بالی ووڈ کے شہنشاہ اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے اور اداکار ابھیشیک بچن، باپ اور بیٹے کی واحد اداکار جوڑی ہے جس کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا ہے۔

اداکار امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن نے یہ ورلڈ ریکارڈ 2009 میں فلم ’پا‘ میں اپنے منفرد کرداروں کے ذریعے قائم کیا تھا، جسے تاحال کسی اور اداکار باپ بیٹے کی جوڑی نے توڑا نہیں ہے۔

یاد رہے کہ 2009 میں فلم ’پا‘ میں اداکار ابھیشیک بچن نے اپنے حقیقی والد یعنی امیتابھ بچن کے والد کا کردار نبھایا تھا۔

اس فلم کی کہانی ایک تیرہ سالہ بیمار بچے کے گرد گھومتی ہے جو کہ پروگیریا جیسی مہلک بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ سے تیزی سے بڑھاپے کو پہنچ جاتا ہے۔

اس تیرہ سالہ بچے کا کردار امیتابھ بچن نے بخوبی نبھایا ہے جبکہ اصل زندگی میں امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن اور اداکارہ ودیا بالن نے فلم پا میں ان کے والدین کا کردار ادا کیا ہے۔

خیال رہے کہ باپ بیٹے کی یہ واحد اداکارجوڑی ہے جس نے اسکرین پر معکوس (الٹا) کردار نبھا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

اس کے علاوہ ابھیشیک بچن کے نام 12 گھنٹوں میں 8 شہروں میں اپنی فلم ’دہلی 6‘ کی تشہیری مہم جاری رکھنے کا ایک اور عالمی ریکارڈ بھی ہے۔