المرا ء فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بے گھر یتیم بچوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے حامل نئے گھرکا افتتاح کردیاگیا

المراء فاؤنڈیشن/افتتاح

لاہور۔18جون (اے پی پی)المرا ء فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بے گھر یتیم بچوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے حامل نئے قائم کئے گئے گھرکا افتتاح کردیاگیا۔ یہاں اتوار کے روز کیولری گراؤنڈ میں 5ویں گھر کی بلڈنگ کا افتتاح ممتاز گلوکار اور سماجی کارکن ابرارالحق، ڈی آئی جی محبوب اسلم اور المراء فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن صوفیہ وڑائچ نے کیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابرارالحق نے المراء فاؤنڈیشن کی جانب سے یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ غریب بچوں اور یتیموں کی دیکھ بھال کرنا ایک مشکل کام ہے اور المراء فاؤنڈیشن کی جانب سے اس کام کو مؤثر طریقے سے انجام دینے پر میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے نیک مقصد کے لیے منعقدہ اس تقریب میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مخیر حضرات اس نیک مقصد میں المارا فاؤنڈیشن کی مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ حصہ لیں۔انہوں نے المرا فاونڈیشن کی خدمت کے اس جذبے کی بے حد تعریف کی اور اس کا ساتھ دینے کے عزم کا عائدہ کیا۔سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے المارہ فاؤنڈیشن کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بے گھر یتیموں کا بھی حق ہے کہ وہ پرورش کے ماحول میں رہنے، مناسب تعلیم حاصل کرنے اور ضروری ہنر سیکھنے کا موقع حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ قلیل وقت میں المرا فاونڈیشن نے جتنی ترقی کی وہ قابل ستائش ہے۔ڈی آئی جی محبوب اسلم نے کہا کہ المراء فاؤنڈیشن کا مشن گزشتہ 27 سال سے جاری ہے جو کہ واقعی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ المراء فاؤنڈیشن میں داخل ہونے والے یتیم بچوں کو وہی سہولیات مل رہی ہیں جو عام گھروں میں دوسرے بچوں کو میسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس قسم کے فلاحی اداروں کی سپورٹ کرنی چاہیے اور مخیر حضرات کو ان اداروں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ مالی تعاون کرنا چاہیے تاکہ یہ مستحق بچوں کی تعلیم و تربیت بہتر طریقے سے کر سکیں۔فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن صوفیہ وڑائچ نے کہا کہ وہ اپنے والد میجر (ر) رشید وڑائچ کی جانب سے 1995 میں شروع کئے گئے سماجی اور فلاحی کام کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا آغاز المراء فاؤنڈیشن کے قیام کے پہلے سال کے دوران6 یتیم بچوں کی ذمہ داری لینے اور انہیں کرائے کے مکان میں رکھنے کے ساتھ کیا گیا تھا‘لیکن اب اللہ کے فضل سے المراء فاؤنڈیشن کے گھروں میں 100 سے زائد یتیم بچوں کی پرورش ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ المراء فاؤنڈیشن کے قیام کا مقصد انسانیت کی خدمت ہے، خاص طور پر کمزوروں اور یتیموں کی بلا تفریق خدمت کرنا اور ان کی فلاح و بہبود میں اپنا حصہ ڈالناہے۔ چیئرپرسن نے کہا کہ المراء فاؤنڈیشن یتیموں کی کفالت کے لیے ہر ممکن کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی رہائش کے ساتھ ساتھ ان کو صحت، تعلیم اور معاشی مواقع کے حصول کے لیے دیگر این جی اوز کے ساتھ شراکت داری کے فروغ کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔ صوفیہ وڑائچ نے کہا کہ یہاں داخل ہونیوالے بچے کو اسی معیار کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جو ان کے اپنے بچوں کو میسر ہیں اور یہی المرا فاؤنڈیشن کا مشن ہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔افتتاحی تقریب میں سیاسی و کاروباری شخصیات، صحافیوں سمیت سرکاری افسران اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی جبکہ تقریب میں موجود مخیر حضرات نے المراء فاؤنڈیشن کی نئی بلڈنگ کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان بھی کیا۔ واضح رہے کہ المارہ فاؤنڈیشن ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جس نے یتیموں اور مستحق بچوں کے لیے بین الاقوامی معیار کا ایک اور گھر قائم کیا ہے جس سے المارہ یتیم خانوں میں 100 سے زائد بے گھر یتیم بچوں کی دیکھ بھال کی جائے گی۔
======================