پاک بحریہ کے جہاز ٹیپو سلطان کی انڈونیشیا میں کثیرالقومی مشق کموڈو-23 میں شرکت

اسلام آباد، 10 جون 23: پاک بحریہ کے جہاز ٹیپو سلطان نے کثیر القومی مشق کموڈو-23 میں شرکت کے لیے انڈونیشیا کی بندرگاہ مکاسر کا دورہ کیا۔ جہاز کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، باہمی تعاون کا فروغ اور پاکستان اور انڈونیشین بحریہ کے مابین تعاون کے نئے مواقع کاجائزہ لینا تھا۔ مکاسر پہنچنے پر انڈونیشین بحریہ کے حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔

انڈونیشین حکام سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون,علاقائی امن اور بحری سلامتی کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے انڈونیشیا کے عوام کے لیے بالعموم اور انڈونیشین بحریہ کے لیے بالخصوص نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بعد ازاں, پی این ایس ٹیپو سلطان نے مکاسر میں بین الاقوامی فلیٹ ریویو میں شرکت کی جس کا مشاہدہ انڈونیشین نیشنل آرمڈ فورسز کے کمانڈر نے کیا۔

اس کے ساتھ ساتھ جہاز کے افسران اور عملے نے مختلف کانفرنسز، سیمینارز، نالج شیئرنگ سیشنز اور سماجی بہبود کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ بندرگاہ کی سرگرمیوں کی تکمیل پر پی این ایس ٹیپو سلطان نے آسٹریلیا، برونائی، چین، اٹلی، جاپان، ملائیشیا، فلپائن، روس، سنگاپور، تھائی لینڈ، امریکہ اور ویتنام کے جہازوں کے ہمراہ سمندر میں سرچ اینڈ ریسیکو اور میری ٹائم انٹرڈکشن آپریشنز مشقوں میں حصہ لیا.

پاک بحریہ کے جہاز ٹیپو سلطان کے دورہ انڈونیشیا نے مختلف بحری ممالک کے مابین بحری تعاون کو فروغ دینے اور انڈونیشیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور مجودہ دوستی کو مظبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا.

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)
==============================