شاہ رخ خان کی ڈان تھری کی تیاری شروع کردی گئی

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی ڈان سیریز کی تیسری فلم ڈان تھری کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پروڈیوسر رتیش سدھوانی نے ڈان سیریز کی تیسری فلم کے بارے میں بتایا۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم اس وقت اسکرپٹ کے مرحلے پر موجود ہے، تاہم فلم سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

بتایا جارہا ہے کہ فلم کی ہدایتکاری فرحان اختر کریں گے جبکہ شاہ رخ خان ہی مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

ایک انٹرویو کے دوران رتیش سدھوانی کا کہنا تھا کہ میرے شراکت دار فرحان اختر فلم کا اسکرپٹ لکھنے میں مصروف ہیں جب تک یہ مکمل نہیں ہوجاتا اس سے متعلق آگے کچھ نہیں کیا جاسکتا۔ حتیٰ کہ ہم سب بھی ڈان کو دوبارہ دیکھنے کےلیے بے چین ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت اسکرپٹ اختتامی مرحلے میں ہے۔

واضح رہے کہ فرحان اور رتیش کے ایکسل انٹرٹینمنٹ نے امیتابھ بچن کی فلم ڈان کے حقوق حاصل کیے تھے۔

ڈان سیریز کی پہلی فلم 1978 کی فلم کا ری میک تھی جو 2006 میں اسی نام سے ریلیز ہوئی جبکہ سیریز کی دوسری فلم ڈان 2 کے نام سے 2011 میں ریلیز ہوئی۔

خیال رہے کہ ان دونوں فلموں میں بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان ڈان کے روپ میں نظر آئے۔

یہ بھی علم میں رہے کہ 2011 کی فلم ڈان 2 میں پاکستانی اداکار علی خان نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔