جنگشاہی میں سی پیک، کے فور سمیت مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اہم منصوبے چل رہے ہیں تاہم منصوبے میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین سمیت ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کی عوام کو سفری مشکلات کا سامنا ہے،


جنگشاہی میں سی پیک، کے فور سمیت مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اہم منصوبے چل رہے ہیں تاہم منصوبے میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین سمیت ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کی عوام کو سفری مشکلات کا سامنا ہے، اس ضمن میں جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر غوث بہاوالدین زکریا ملتان ایکسپریس ٹرین کا سٹاپ بحال کرکے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائے، ان خیالات کا اظہار جنگشاہی کے سیاسی، سماجی، تاجر رہنماؤں اور شہریوں نے جنگشاہی میں منعقدہ ایک میٹنگ میں کیا، اس موقع پر سماجی رہنما عبدالقادر شیخ، صدر تاجر برادری غلام مصطفیٰ خواجہ، رانا محمد اقبال راجپوت، عبدالرئوف بروہی، اظہر جاکھرو، لطیف راداھنی، اشرف جوکھیو، عاطف پلیجو، یاسر قریشی سمیت دیگر معززین موجود تھے، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر مختلف ٹرینوں کے سٹاپ نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اس وقت جنگشاہی کوہستان ضلع ٹھٹھہ میں سی پیک، کے فور سمیت مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اہم منصوبے چل رہے جس کی وجہ سے پروجیکٹ میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین جنگشاہی ریلوے اسٹیشن سے ملک کے مختلف علاقوں میں ٹرینوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں جبکہ ملتان سمیت دیگر مذہبی زیارتوں کے سلسلے میں کافی عقیدتمند اکثر جنگشاہی ریلوے اسٹیشن سے سفر کرتے ہیں جسے ریلوے کو کافی ریونیو حاصل ہوتا ہے مگر بدقسمتی سے جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کے سٹاپ کم ہونے کی وجہ سے ونڈ پلانٹ کمپینوں کے ملازمین سمیت ضلع ٹھٹہ اور سجاول کے ہزاروں رہائشیوں اور زیارتوں پر جانے والے عقیدتمندوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے، اس کے علاوہ کراچی اور حیدرآباد کے مختلف اداروں میں کام کرنے والے ملازمین، مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلباء اور زیر علاج مریضوں کو بھی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاجر رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر غوث بہاوالدین زکریا ملتان ایکسپریس گزشتہ پچیس سال مسلسل سٹاپ تھا مگر بدقسمتی سے یکم جون سے چلنے والی غوث بہاوالدین زکریا ملتان ایکسپریس کا جنگشاہی ریلوے اسٹیشن سے بلاجواز سٹاپ ختم کرکے ضلع ٹھٹھہ اور سجاول کی عوام سے زیادتی کی گئی ہے، رہنماؤں نے ایم این اے ٹھٹھ شمس النساء میمن، ایم این اے سجاول سید ایاز علی شاہ شیرازی، ڈی ایس ریلوے کراچی سمیت دیگر پاکستان ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگشاہی ریلوے اسٹیشن پر غوث بہاوالدین زکریا ملتان ایکسپریس اور علامہ اقبال ایکسپریس کا سٹاپ فوری طور پر بحال کرکے ضلع ٹھٹہ اور سجاول کی عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائے بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائیگا۔