نارتھ ناظم آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

نارتھ ناظم آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن

کراچی میں رات گئے کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ سیل نے ڈسٹرکٹ سینٹرل نارتھ ناظم آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔

کراچی میں کے ایم سی کے انسداد تجاوزات سیل نے رات گئے ڈسٹرکٹ سینٹرل نارتھ ناظم آباد زون میں آپریشن کیا۔

سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سیل کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن نارتھ ناظم آباد کے بلاک ایچ اور بلاک ایل میں کیا گیا۔

آپریشن کے دوران فائیو اسٹار چورنگی سے لنڈی کوتل چورنگی تک دونوں اطراف تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔

سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سے ٹھیلے، کیبنز ، کاؤنٹرز، میزیں اور کرسیاں ہٹا دی گئیں۔

کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن میں کے ایم سی اسٹاف کے ساتھ ضلعی انتظامیہ اور علاقہ پولیس بھی موجود رہی۔

=============================

ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات سیاسی، معاشی عدم استحکام کے باعث ویران ہوگئے
نتھیاگلی، ڈونگاگلی اور ایوبیہ میں کاروبار ٹھپ ہو کررہ گیا
پاکستان میں جاری سیاسی اور معاشی عدم استحکام کی وجہ سے علاقہ گلیات کے سیاحتی مقامات نتھیاگلی، ڈونگاگلی اور ایوبیہ میں سیاح بہت کم تعداد میں آرہے ہیں جس وجہ سے ان علاقوں میں کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔

گلیات کے کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ مُلک میں مہنگائی کے طوفان اور سیاسی لڑائی کے باعث مئی کا مہینہ گزر رہا ہے مگر تاحال ہمارے علاقوں میں سیاحوں کی آمد نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے ہمیں بہت نقصان ہورہا ہے۔

سیاحتی مقام گلیات میں تاحال سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع نہ ہونے کی وجہ سے کاروباری حضرات کا روزانہ لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے اور ہوٹل انڈسٹری مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں ٹیکس میں چھوٹ دی جائے۔
==========================