ایک ہی فرد تمام واقعات کا ذمہ دار ہے اور وہ ہے آرمی چیف: عمران خان

ایک ہی فرد تمام واقعات کا ذمہ دار ہے اور وہ ہے آرمی چیف: عمران خان
عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت میں وقفے کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہی فرد تمام واقعات کا ذمہ دار ہے اور وہ ہے آرمی چیف۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اس کو خدشہ تھا کہ میں اقتدار میں آ کر اسے ڈی نوٹیفائی کر دوں گا، میں نے کسی کو ڈی نوٹیفائی نہیں کرنا تھا۔‘
(bbc-report)
=============================

عمران خان کے وکلا نے کور کمانڈر لاہور کے گھر پر حملہ کیس سمیت چار کیسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکلا نے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس سمیت چار کیسز میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی ہے۔

خیال رہے کہ لاہور میں کور کمانڈر کے گھر پر مظاہرین کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد دھاوا بولا گیا تھا۔ خیال رہے کہ یہ چار مقدمات القادر ٹرسٹ کیس میں حفاظتی ضمانت کے علاوہ ہیں۔
===============================

امیر قطر سے جنرل عاصم منیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کا جائزہ

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے بدھ کو پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے امیری دیوان میں ملاقات کی ہے۔
قطری نیوز ایجنسی نے امیری دیوان کے حوالے سے بتایا کہ پاکستانی فوجی وفد آرمی چیف کی قیادت میں قطر کے دورے پر دوحہ میں ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور قطر کے دوطرفہ تعلقات اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی زیر بحث آئے ہیں۔

قبل ازیں قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے امور دفاع ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی۔
سرکاری نیوز ایجنسی قنا کے مطابق اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، پاکستان اور قطر کے درمیان تعاون کو جدید خطوط پر استوار کرکے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کاجائزہ لیا گیا۔
================================

ملک میں مارشل لاء نہیں لگے گا،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ ملک میں مارشل لاء نہیں لگے گا۔نظام عدل میں دوہرا معیار ختم ہونا چاہیئے ۔اسلام آباد میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ہم قیدتھے تو کوئی نوٹس ہوا نہ انصاف کی حس جاگی ۔تمام شواہدنشاندہی کررہے ہیں کہ بیرونی ایجنڈےکی تکمیل ہورہی ہے۔
==============================
صدر مملکت کی عمران خان سے طویل ملاقات، کیا بات ہوئی ؟

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ملکی صورتحال سے آگاہ کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنے پولیس لائنز پہنچے جہاں ان کی 2 گھنٹے سے زائد ملاقات رہی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے عمران خان کو گزشتہ 3 روز میں پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے حوالے سے بھی عمران خان کو تفصیلی آگاہ کیا گیا اور القادر ٹرسٹ کیس کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور مذاکرات کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہونے اور آج رات پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس میں رہنے کا حکم دیا۔ اس دوران عمران خان کو اہلخانہ سمیت لوگوں سے ملاقات کی بھی اجازت دی گئی
=================================