امید ہے کہ شاہ چارلس III اپنے والدہ کے نقش قدم پر چلیں گے، اور تاج برطانیہ کی بھرپور خدمت کریں گے، آغا سراج درانی

قائم مقام گورنرسندھ کی شاہ چارلس III اور ملکہ کمیلا کی تاج پوشی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت
امید ہے کہ شاہ چارلس III اپنے والدہ کے نقش قدم پر چلیں گے، اور تاج برطانیہ کی بھرپور خدمت کریں گے، آغا سراج درانی

کراچی(مئی 6 ) قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن پہنچے، انہوں نے شاہ چارلس III اور ملکہ کمیلا کی تاج پوشی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونی نے قائم مقام گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ تقریب میں پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی صدر اور رکن صوبائی اسمبلی فریال تالپور بھی موجود تھیں۔ قائم مقام گورنرسندھ نے کہا کہ برطانوی بادشاہت قدیم ترین بادشاہتوں میں سے ہے، انہوں نے کہا کہ ملکہ الزبتھ نے 70 برس کے اقتدار میں کئی نشیب و فراز دیکھے، اس عرصہ میں برطانیہ بھی کئی مواقعوں پر متاثر ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ ملکہ الزبتھ نے اپنی شاندار قائدانہ صلاحیت سے برطانیہ کو ان مشکلات سے نکالا۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ پسماندہ ممالک کے لئے ملکہ الزبتھ کی خدمات ناقابل فراموش رہیں، ملکہ الزبتھ کو ان کی خدمات پر ہر ایک قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ شاہ چارلس III اپنے والدہ کے نقش قدم پر چلیں گے، اور شاہ چارلس III بھی ملکہ الزبتھ کی طرح تاج برطانیہ کی بھرپور خدمت کریں گے، وہ پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ کی مدد بھی کریں گے۔ قائم مقام گورنرسندھ نے کہا کہ برطانوی نزاد پاکستانی بزنس مین برطانیہ کی معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں، این ایچ ایس کے تحت کئی ڈاکٹرز عوام کو علاج معالجہ کی قابل قدر خدمات فراہم کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی نزاد سیاستدان برطانوی سیاست کا اہم حصہ ہے ۔
====================