فخر زمان کے شاندار 180 رنز، نیوزی لینڈ کو شکست نیوزی لینڈ کا 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف قومی ٹیم نے 10 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کا 337 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف قومی ٹیم نے 10 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔ فخر زمان نے 180رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد رضوان، کپتان بابر اعظم نے فخر کا بھرپور ساتھ دیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان پانچ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا ون ڈے راولپنڈی میں کھیلا گیا، ٹاس پاکستانی کپتان بابر اعظم نے جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے پہلے بیٹنگ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور پاکستانی بولرز کے خلاف کھل کے شاٹس کھیلے۔ کیویز بیٹر ڈیرل مچل کی سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 337 رنز کا ہدف دیا۔

مہمان ٹیم کے ڈیرل مچل نے 129 اور ٹام لیتھم نے 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ اوپننگ بیٹر چیڈ بوزنے 51 رنز اسکور کیے۔

پاکستانی بولرز مقررہ اوورز میں پانچ کیویز بلے بازوں کو ہی آوٹ کرسکے، حارٖث رؤف نے 4 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ون ڈے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر احسان اللہ کو کوئی وکٹ نہیں ملی۔

نیوزی لینڈ کے 337 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے پُراعتماد کھیلتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کی۔ اوپنر فخر زمان نے 150 کا ہندسہ عبور کیا۔ انھوں نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹاکس لگائے۔
فخر زمان نے پہلے امام الحق کے ساتھ 66 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس کے بعد کپتان بابر اعظم کے ساتھ مل کر 135 رنز بنائے۔

اوپنر امام الحق 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 65 رنز اسکور کیے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بھی ایک بار پھر قومی ٹیم کے لئے کارآمد ثابت ہوئے۔ انھوں نے فخر زمان کے ساتھ مل کر 100 سے زیادہ رنز کی شراکت قائم کی اور وکٹ پر چٹان کی طرح جمے رہے۔ فخر زمان اور محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کے بولرز کو بے بس کیے رکھا اور آزادانہ شاٹس کھیلتے رہے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ پہلے میچ میں کامیابی کے بعد حوصلے بلند ہیں، کوشش ہوگی کیویز کو جلد آؤٹ کرکے سیریز میں دوسری فتح سمیٹیں، آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے پاکستان کو پریشر میں لائیں، ٹیم میں مڈل آرڈر بلے باز جمی نیشم کی واپسی ہوئی ہے، آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

آج کے میچ میں فاسٹ بولر احسان اللہ اپنا ون ڈے ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین آفریدی نے احسان اللہ کو ون ڈے کیپ دی۔

احسان اللہ کو پاکستان کی جانب سے 242 ویں ون ڈے کیپ دی گئی ہے۔

کیویز کے خلاف دوسرے ون ڈے کے لیے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان کو آرام دیا گیا ہے جبکہ عبداللہ شفیق، اسامہ میر اور احسان اللہ کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ
پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، نسیم شاہ، حارث رؤف اور احسان اللّٰہ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹام لیتھم، ول ینگ، چیڈ بوس، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، ہینری نکولس، جیمز نیشم، رچن رویندرا، ہینری شپلی، اِش سوڈھی اور میٹ ہنری شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، گرین شرٹس کو 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

سیریز کے آخری 3 ون ڈے میچز 3، 5 اور 7 مئی کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

==================================
فخر زمان کی میراتھن اننگز کی بدولت پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں بھی نیوزی لینڈ کو شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 337 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 49ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بیٹرز کے لیے سازگار اس وکٹ پر ڈیرل مچل نے پھر سنچری اسکور کی اور اس مرتبہ نیوزی لینڈ نے پہلے سے زیادہ رنز کا انبار لگایا۔

مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔

محتاط انداز میں شروع کی گئی اس اننگز کی ابتدا میں ول ینگ 33 کے مجموعے پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر 51 رنز بنانے والے چیڈ بوس کے ساتھ ڈیرل مچل نے 86 رنز جوڑے، جبکہ چیڈ بوس کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے 183 رنز کی پارٹنرشپ بنا ڈالی۔

ڈیرل مچل نے 129 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ٹام لیتھم 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور جمی نیشم نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے حارث رؤف 78 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں ایک مرتبہ پھر امام الحق بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے، وہ 24 رنز کے مہمان ٹھہرے تاہم فخر زمان کے ساتھ ان کی 66 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔

دوسری وکٹ پر کپتان بابر اعظم نے فخر زمان کے ساتھ 135 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔

بابر اعظم 201 کے مجموعے پر 64 رنز بنا کر پویلین لوٹے تاہم فخر زمان کا بلا رنز اگلتا رہا۔

فخر زمان نے اپنے کیریئر کی 10ویں سنچری بھی مکمل کی، جبکہ 7 رنز بنانے والے عبداللّٰہ شفیق کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ہمراہ فتح گر پارٹنرشپ بنائی اور ٹیم کو 49ویں اوور میں جیت سے ہمکنار کروایا۔

فخر زمان نے 180 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان 54 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

ٹاس:
ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئیں۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔

پلیئنگ الیونز:
پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان شامل تھے۔

آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، نسیم شاہ، حارث رؤف اور احسان اللّٰہ بھی ٹیم کا حصہ تھے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹام لیتھم، ول ینگ، چیڈ بوس، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، ہینری نکولس، جیمز نیشم، رچن رویندرا، ہینری شپلی، اِش سوڈھی اور میٹ ہنری شامل تھے۔
آج فاسٹ بولر احسان اللّٰہ نے ون ڈے ڈیبیو کیا، انہیں شاہین آفریدی نے ون ڈے کیپ دی۔

واضح رہے کہ پاکستان کو 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ سیریز کے آخری 3 ون ڈے میچز 3، 5 اور 7 مئی کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔