چائنا میڈیا گروپ کی پرائم ٹائم نشریات میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے خصوصی انٹرویو کی زبردست پزیرائی


صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ابھی حال ہی میں چائنا میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں انہوں نے پاکستان۔چین تعلقات ،سی پیک کی تعمیر اور چینی قیادت کی گورننس اور طرز حکمرانی سے متعلق موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
صدر پاکستان کے انٹرویو کو چائنا میڈیا گروپ کے مختلف پلیٹ فارمز پر انتہائی مقبولیت ملی ہے ۔ چائنا میڈیا گروپ کے مختلف چینلز نے ڈاکٹر عارف علوی کے انٹرویو کو اپنے پرائم ٹائم میں نشر کیا اور ایسے مقبول ترین ٹی وی پروگرامز کا انتخاب کیا گیا جنہیں چینی ناظرین میں انتہائی پسندیدگی کا درجہ حاصل ہے۔ اس حوالے سے دو سرفہرست پروگراموں میں لیڈر ٹاک بھی شامل ہے جس میں دنیا کے ٹاپ قائدین کو مدعو کیا جاتا ہے اور مختلف عالمی و علاقائی امور پر اُن کی آراء چینی ںاظرین تک پہنچائی جاتی ہے۔اسی طرح چائنا میڈیا گروپ کے پروگرام شین ون لیان بو (XinWenLianBo) میں بھی ڈاکٹر عارف علوی کا انٹرویو نشر کیا گیا۔یہ چائنا میڈیا گروپ کا پیش کردہ مقبول ترین پروگرام ہے۔ اس پروگرام کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے ماہانہ سات ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جاتا ہے۔
ٹی وی چینلز کے ساتھ ساتھ چائنا میڈیا گروپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی صدر پاکستان کے انٹرویو کو نمایاں کوریج دی گئی ہے اور چینی انٹرنیٹ صارفین نے انتہائی پرجوش ردعمل ظاہر کیا ہے۔ چین میں بسنے والے پاکستانیوں نے بھی ڈاکٹر عارف علوی کے انٹرویو کی چائنا میڈیا گروپ کی پرائم ٹائم نشریات میں بہترین کوریج پر انتہائی مسرت اور خوشی کا اظہار کیا۔

===================