سرسید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام جاب فیئر 2023 کا انعقاد

کراچی، 5;مارچ 2023ء ۔ ۔ سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ مرکزِ مشاورت و رہنمائی کے زیرِ اہتمام پانچویں جاب فیئر2023 تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کی 102 سے زائد معروف کمپنیوں نے شرکت کی اور طلباء کوملازمتوں کے حصول میں مدد، رہنمائی اور دیگر ضروری معلومات اورسہولیات فراہم کرنے کے لئے اسٹالز لگائے گئے اور طلباء کے تیار کردہ 110 سے زائد پروجیکٹس نمائش کے لئے رکھے گئے ۔ ۔ جاب فیئر میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹری (کاٹی) کے نائب صدر سید واجد حسین، کاٹی کی نائب صدر ماہین سلیم، مرکز مشاورت و رہنمائی کے کنوینئر سراج خلجی سمیت، کاٹی کے ممبران، فیکلٹی ممبرز اور طلباء کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹری (کاٹی) کے صدر فرازالرحمن اس یادگار موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نعمان احسن، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری OIC کے ڈائریکٹر عبدالبدیع الدادا، سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈبوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد ارشد خان، رجسٹرار سید سرفرازاعلی،ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، شعبہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے چیئرمین اور گائیڈنس سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسرڈاکٹر شکیل احمد و دیگر کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر جاب فیئر کا افتتاح کیا ۔

کاٹی کے صدرر فرازالرحمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاب فیئر، طلباء کی رہنمائی کے علاوہ ملازمت کے لیے اپنے آپ کو موزوں بنانے میں بھی ان کی مدد کرتے ہیں ۔ یہ ایسے مرکز ہیں جہاں سے صنعتی و کاروباری ادارے اپنے لیے بہتر اور موزوں لوگوں کا انتخاب کرتے ہیں اور دوسری طرف ملازمت کے خواہشمند افراد کو جاب فیئر کے توسط سے صنعتی و کاروباری اداروں سے ملنے اور انھیں اپنی مہارت اور قابلیت و صلاحیت سے آگاہ کرنے کا موقع ملتا ہے ۔

اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ جاب فیئر ایک ایساپلیٹ فارم ہے جو صنعتی و کاروباری اداروں اور طلبا کے مابین براہ راست ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ ۔ اس کے ذریعے جامعہ اور صنعتی اداروں کے مابین موثر روابط استوار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے طلباء کے لئے ملازمتوں کا حصول آسان ہوجاتا ہے ۔ ایسے فورم طلباء کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں جو عملی زندگی میں ان کی کامیابی کا باعث بنتا ہے ۔

سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ جاب فیئر کسی بھی کمپنی کے لیے تعلقات عامہ کا کام کرتی ہے ۔ آج طلباء کے پاس پہلے سے زیادہ مواقع موجود ہیں ۔ جاب فیئرکے ذریعے فوری ملازمت کا حصول ممکن ہے کیونکہ یہ فورم، ادارے اور طلباء دونوں کو یہ جانچنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے لیے کس حد تک سودمند ہیں ۔ انھوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اوراس کا بہترین استعمال کرتے ہوئے صنعتی اور کاروباری اداروں کو اپنی صلاحیتوں اور مہارت کے بارے میں بتائیں اور انھیں قائل کریں ۔

اس موقع پرعلیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری انجینئر محمد ارشد خان نے کہا کہ جاب فیئر نہ صرف کاروباری اداروں کو نوجوان طلباء سے ملنے اور ان کی صلاحیتوں کو پرکھنے اور مہارت کو جانچنے کا موقع فراہم کرتی ہے بلکہ کاروباری اداروں کو بھی باہم رابطے کا موقع دیتی ہے اور جاب فیئر کے توسط سے وہ اپنے نام اور برانڈز کی تشہیر موثر انداز میں کرسکتے ہیں ۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نعمان احسن نے کہا کہ نوجوانوں کو اب روزگار کے مواقع ڈھونڈنے کی بجائے روزگار فراہم کرنے کے لئے انٹرپرینورشپ کو فروغ دینا چاہئے جبکہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری OICکے ڈائریکٹر عبدالبدیع الدادا، نے کہا کہ جاب فیئر کے ذریعے نوجوانوں کے روزگار کے حصول کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے ۔

رجسٹرار سید سرفراز علی نے کہا کہ روزگار کے متلاشی نوجونوں کو ممکنہ ایمپلائرز سے ملنے کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ جاب فیئر کاروباری اداروں اور نوجوانوں کے مابین براہ راست رابطے اور معلومات کے تبادلے کا اہتمام کرتی ہے ۔ شعبہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے چیئرمین اور گائیڈنس سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شکیل نے کہا کہ جاب فیئر کا مقصد طلباء کو ایمپلائرز سے ملنے کا ایک غیر رسمی موقع فراہم کرنا تھا ۔ ۔ عبدالحامد دکنی

ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن

کیپشن: کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹری کے صدر فرازالرحمن اس یادگار موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نعمان احسن، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کےOIC کے ڈائریکٹر عبدالبدیع ، وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ولی الدین، محمد ارشد خان، رجسٹرار سید سرفرازاعلی، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، پروفیسرڈاکٹر شکیل احمد و دیگر کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر جاب فیئر کا افتتاح کر رہے ہیں ۔ ۔
==================