پی ٹی سی ایل نےسال 2022 میں مضبوط مالی کارکردگی کے ذریعے بہترین آمدن اور منافع حاصل کرلیا


15 فروری2023: پاکستان کے معروف ٹیلی کام اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے ادارے، پی ٹی سی ایل گروپ نے مالی سال 2022ء کے دوران اپنے ریونیو میں 10.2فیصد کا قابلِ قدر اضافہ کرلیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ریٹیل اور کاروباری دونوں شعبوں میں اپنی مضبوط کارکردگی کی بنیاد پر اپنی آمدنی میں 8.6 فیصد اضافہ کیا، جبکہ یوفون نے اپنی آمدنی میں 7.1 فیصد اضافہ کیا ہے۔ گروپ کے ذیلی ادارے یو مائیکرو فنانس بینک نے شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے 2022 ء کے دوران آمدن میں 35.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔
کمپنی نے اسلام آباد میں منعقدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں سال 2022 کے اپنے سالانہ مالی نتائج کا اعلان کیا۔
مالی کارکردگی کے اہم نکات
پی ٹی سی ایل گروپ
• پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدن گزشتہ سال کے مقابلے میں 10.2 فیصد اضافے کے ساتھ 151.6 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، جس کی بنیادی وجہ فکسڈ براڈ بینڈ، موبائل ڈیٹا، اور ہول سیل اور بزنس سلوشنز کے ساتھ ساتھ مائیکرو فنانس سروسز کے ذریعے کنزیومر شعبے میں مضبوط کارکردگی ہے۔
• توانائی اور ایندھن کے نرخوں میں نمایاں اضافے، امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، بلند شرح سود اور فور جی سپیکٹرم کے حصول اور متعلقہ نیٹ ورک رول آؤٹ سے منسلک دیگر اخراجات کی وجہ سے گروپ کا منافع دباؤ میں رہا۔ گروپ کو 7.8 ارب روپے کا خالص نقصان ہوا ۔
پی ٹی سی ایل
• پی ٹی سی ایل نے 2022ء کے دوران اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھی۔ سال 2022 کے دوران پی ٹی سی ایل کی 83.4 ارب روپے کی آمدنی، جو اس کی تاریخ میں اب تک کی بہترین آمدن ہے ، 2021 کے مقابلے میں 8.6 فیصد زیادہ ہے ، جس کی بنیادی وجہ براڈ بینڈ اور ہول سیل اور بزنس سلوشنزکے شعبوں میں ترقی ہے۔
• پی ٹی سی ایل کی پریمیم فائبر ٹو دی ہوم (ایف ٹی ٹی ایچ) سروس فلیش فائبر نے 2022 میں ایف ٹی ٹی ایچ مارکیٹ میں سب سے زیادہ نیٹ اضافے کے ساتھ زبردست ترقی دکھائی۔
• کمپنی نے 4.9 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع حاصل کیا ہے، جو 2021 کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔
• 2013ء کے بعد سب سے زیادہ 9 ارب روپے کا خالص منافع گزشتہ سال کے مقابلے میں 31.7فیصد زیادہ ہے۔
پی ٹی سی ایل اپنے موجودہ بنیادی ڈھانچے اور نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے کے علاوہ اپنے پریمیم ایف ٹی ٹی ایچ انٹرنیٹ فلیش فائبر کو ملک بھر میں توسیع دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ صارفین کو بہترین ٹیلی کام تجربے کے لئے بلا تعطل رابطے کی سہولت فراہم کی جاسکے۔ ایف ٹی ٹی ایچ کی فوری تنصیب اور کارپوریٹ اور ہول سیل شعبوں میں مضبوط کارکردگی پی ٹی سی ایل کی ٹاپ لائن ترقی کا سنگ بنیاد ہیں ، جس نے لاگت کو بہتر بنانے کے پروگرام کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ کمپنی کے منافع میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کنزیومر بزنس:
پی ٹی سی ایل فکسڈ براڈ بینڈ کاروبار نے ایف ٹی ٹی ایچ میں جارحانہ توسیع کی وجہ سے گزشتہ سال کی نسبت 12.2فیصد نمو ظاہر کی ہے۔ فلیش فائبر نے مارکیٹ کے نیٹ اضافے میں 102.7 فیصد کی غیر معمولی نمو ظاہر کی، جبکہ پی ٹی سی ایل آئی پی ٹی وی سیگمنٹ میں بھی گزشتہ سال کی نسبت 8.1 فیصد اضافہ ہوا۔ صارفین کی او ٹی ٹی خدمات پر منتقلی اور سیلولر آپریٹرز سے مسابقت کی وجہ سے صوتی اور وائرلیس براڈ بینڈ حصوں میں کمی دیکھی گئی۔
پی ٹی سی ایل نے حال ہی میں پاکستان کا سب سے بڑا او ٹی ٹی اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’شوق‘متعارف کرایا ہے تاکہ تمام ڈیٹا صارفین کو پریمیم انٹرٹینمنٹ، اسپورٹس اور نیوز مواد فراہم کیا جاسکے۔ گزشتہ چند سالوں کے دوران انٹرنیٹ کی رسائی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ، لہذا پاکستان کو ایک اعلیٰ معیار کی مقامی او ٹی ٹی سروس کی ضرورت تھی جو صارفین کو سستی تفریح فراہم کرسکے۔
کاروباری خدمات:
کاروباری خدمات کے شعبے نے آئی پی بینڈوتھ، کلاؤڈ، ڈیٹا سینٹر اور دیگر آئی سی ٹی خدمات کے شعبوں میں مارکیٹ میں اپنی رہنما حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی ترقی کا عمل جاری رکھا۔ پی ٹی سی ایل کے انٹرپرائز کاروبار میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 18.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ کیریئر اور ہول سیل کاروبار نے اپنی ترقی کی رفتار کو جاری رکھا اور مجموعی طور پر آمدنی میں 11 فیصد اضافہ حاصل کیا۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں بین الاقوامی وائس آمدنی میں 8.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مجموعی طور پر بزنس سلوشنز کی آمدنی میں پچھلے سال کی نسبت 12.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پی ٹی سی ایل گروپ قومی ٹیلی کام کیریئر اور پاکستان میں کنیکٹیویٹی نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے مضبوط ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر اور صارفین کو بہتر تجربے کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خدمات کے متنوع پورٹ فولیو کے ذریعے ‘ڈیجیٹل پاکستان’ کے حصول کے لئے جدید سلوشنز فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

پی ٹی ایم ایل – یوفون:
• سال 2022 میں یوفون نے صارفین کی تعداد میں 3.9 فیصد اضافے کے ساتھ مثبت نیٹ اضافہ ریکارڈ کیا ہے اور انڈسٹری کے اندر مارکیٹ شیئر حاصل کیا ہے۔
• اسپیکٹرم کے حصول کے بعد سے یوفون نے ایڈوانس انکم ٹیکس (اے آئی ٹی) میں اضافے اور موبائل ٹرمی نیشن ریٹ (ایم ٹی آر) میں کمی اور ملک میں حالیہ سیلاب سے پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود 2022 میں سال بہ سال آمدنی میں 7.1 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے۔
• یہ ترقی نیٹ ورک میں سرمایہ کاری اورڈیٹا اور مقامی ضرویات کے مطابق ٹیلی کام پیکجز پر مبنی ریجنل پلے سمیت جارحانہ مصنوعات کی پیش کش کے ذریعے حاصل کی گئی ہے۔
• سال 2022 میں ڈیٹا پورٹ فولیو کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز رہی ۔ ڈیٹا استعمال کرنے والے نوجوان طبقے کی ضروریات کے عین مطابق متعدد نئی آفرز کا آغاز کیا گیا جس کے نتیجے میں ڈیٹا آمدنی میں 40 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔
اپنے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور ملک بھر میں 4G خدمات کی تیزی سے تنصیب کی وجہ سے ، کمپنی نے وائس اور ڈیٹا سروس کے معیار میں اعلی معیار قائم کیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 2022 کے دوران اپنی ملک گیر سروس کوالٹی بینچ مارکنگ میں یوفون کو نمبر 01 وائس اینڈ ڈیٹا نیٹ ورک قرار دیا ہے۔
یوفون 4G نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کی کامیاب ترین فرنچائز اور ٹورنامنٹ کے پہلے اور تیسرے ایڈیشن کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ باضابطہ طور پر شراکت داری کی ہے۔ کمپنی پی ایس ایل 8 کے لئے فرنچائز کی آفیشل ٹیلی کمیونی کیشن پارٹنر ہوگی۔
دوسری سہ ماہی کے دوران وی آئی ایس کریڈٹ ریٹنگ کمپنی نے یوفون کو ‘اے اے/اے-1’ (ڈبل اے مائنس/اے-ون) کی ابتدائی ادارہ جاتی ریٹنگ تفویض کی ہے۔ اس آزادانہ ریٹنگ سے یوفون کی مالی طاقت کا اعتراف ہوتا ہے جو اعلی کریڈٹ کوالٹی اور اچھے بنیادی تحفظ کے عوامل کو بھی ظاہر کرتا ہے اور یوفون پر اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
یو بینک
پی ٹی سی ایل کے مائیکرو فنانس اور برانچ لیس بینکاری ادارے یو بینک نے اپنی ترقی کا سفر جاری رکھا اور حالیہ سیلاب کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکل میکرو اکنامک صورتحال کے باوجود اپنے ایڈوانسز اور سرمایہ کاری پورٹ فولیو کو مستحکم کرکے گزشتہ سال کے مقابلے میں اپنی آمدنی میں 35.4 فیصد اضافہ حاصل کیا۔ بینک کی بیلنس شیٹ 221 ارب روپے تک پہنچ گئی کیونکہ بینک نے اپنے اثاثوں کی کلاسوں اور فنڈنگ اسٹریمز کو متنوع بنانے کا عمل جاری رکھا اور مثبت باٹم لائن کے اثرات کو یقینی بنایا۔ اگرچہ بینک کے چھ کاروباری شعبوں، یعنی دیہی ریٹیل بینکاری، کارپوریٹ فنانس اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ، اسلامک بینکنگ، اربن ریٹیل بینکنگ، کارپوریٹ بینکنگ اور ڈیجیٹل بینکنگ اپنی جداگانہ شکل اور ڈھانچہ پر مبنی ہیں مگر بینک ایک ریٹیل چیلنجر بینک بننے کے لیے کوشاں ہے جس کا مقصد اپنے متفرق اور متنوع صارفین کی منفرد ضروریات کے مطابق بینکاری خدمات کو وسعت دینا ہے۔ مائیکرو فنانس کے بنیادی مشن کے ساتھ بینک کا بزنس ماڈل نئے شعبوں اور کسٹمر کلاسز کو اپنی طرف راغب کرنے کی تیاری کررہاہے تاکہ پاکستان کے زیادہ سے زیاد ہ لوگوں کو بینکنگ نیٹ میں شامل کیا جا سکے اور مالی اور سماجی شمولیت کے اپنے عزائم کو آگے بڑھایا جا سکے۔
کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر)
پی ٹی سی ایل گروپ ملک کے سب سے تباہ کن سیلاب کے بعد شروع کی جانے والی امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش رہا۔ پی ٹی سی ایل اور یوفون نے امدادی خدمات کے لئے مفت کالز کا اعلان کیا اور ملک بھر میں اپنے طبی مراکز کے دروازے بیمار اور زخمی سیلاب متاثرین کے علاج کے لئے کھول دیے۔ وزیراعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کے علاوہ پی ٹی سی ایل گروپ نے اخوت فاؤنڈیشن اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) کے ساتھ مل کر سندھ اور بلوچستان میں متاثرہ آبادیوں کو پینے کا صاف پانی اور خوراک فراہم کرنے کے لیے کام کیا۔ سیلاب متاثرین کی مزید مدد کے لیے پی ٹی سی ایل گروپ نے کوئٹہ، پشین اور قلعہ سیف اللہ کے علاقوں میں متاثرہ برادریوں کو موسم سرما کی جیکٹیں بھی عطیہ کیں۔
2022ء کے دوران پی ٹی سی ایل نے معذور افراد کے لیے اپنے فلیگ شپ انٹرن شپ پروگرام ’جستجو‘ کا تیسرا گروپ ’نیٹ ورک آف آرگنائزیشنز ورکنگ ود پرسنز ود ڈس ایبلٹیز پاکستان‘(این او ڈبلیو پی ڈی پی) اور ڈیف ٹاک کے تعاون سے شروع کیا۔ یوفون نے کے پی ویمن سوک انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء کو ’بلیز‘ڈیوائسز بھی عطیہ کیں۔ مزید برآں، پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے ساتھ مل کر خیبر پختونخوا میں خواتین کی مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لئے خواتین کو بااختیار بنانے کا پروگرام شروع کیا۔
پی ٹی سی ایل اور یوفون نے کراچی میں ماہی گیروں کو لائف جیکٹس فراہم کیں تاکہ سمندر میں ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ یوفون نے مری میں مقامی لوگوں کو فوڈ اسٹال اور ریڑھیاں بھی فراہم کیں تاکہ انہیں روزی روٹی کمانے میں مدد مل سکے۔پی ٹی سی ایل گروپ نے چھاتی کے سرطان کی ابتدائی تشخیص اور علاج کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے ادارے کے اندر اور باہر متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا ، جن کو خاتون اول محترمہ ثمینہ عارف علوی نے بھی سراہا۔ مزید برآں، پی ٹی سی ایل رضاکار فورس نے ملک میں ماحول کی حفاظت کے لئے اپنی سالانہ شجرکاری مہم چلائی۔
پی ٹی سی ایل نے روس یوکرین تنازع کے نتیجے میں یوکرین اور ہمسایہ ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے اہل خانہ کو مفت کال کی خدمات بھی فراہم کیں۔
اس کے علاوہ پی ٹی سی ایل گروپ ملک کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں ٹیلی کمیونی کیشن سروسز کی ترقی کے لیے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پی ٹی سی ایل نے دادو، جامشورو، حیدرآباد اور لاڑکانہ سمیت اندرون سندھ میں آپٹک فائبر کیبل کی تنصیب کے معاہدے پر دستخط کیے۔ سال کے دوران گروپ نے لسبیلہ، پنجگور، کیچ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، بولان اور گوادر کے دور دراز علاقوں میں نیٹ ورک کی تنصیب کا عمل مکمل کیا۔ ختم شد