غلط اردو ترجمے پر فلم ’مشن مجنوں‘ کی سوشل میڈیا پر ٹرولنگ

پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر بنی بھارتی فلم ’مشن مجنوں‘ میں اردو ترجمے کی غلطی سامنے آنے کے بعد سے یہ فلم ٹوئٹر صارفین کی جانب سے ٹرولنگ کا نشانہ بنی ہوئی ہے۔

اداکار سدھارتھ ملہوترا کی فلم ’مشن مجنوں‘ کے ٹریلر نے ریلیز ہوتے ہی پاکستانی صارفین کو اپنی طرف متوجہ کر لیا تھا۔

اس فلم کی کہانی امن دیپ سنگھ نامی ایک ایسے بھارتی ایجنٹ کے گرد گھومتی ہے جسے یہ معلومات اکٹھی کرنے کی ذمے داری لگائی گئی ہے کہ پاکستان کو ایٹم بم بنانے کے لیے مدد کون فراہم کر رہا ہے۔

اب عقابی نظروں والے ناظرین کو فلم ’مشن مجنوں‘ اور اس میں مسلمانوں کی غیر حقیقی نمائندگی پر ٹرولنگ کرنے کی ایک اور وجہ مل گئی ہے۔

عبداللّٰہ نامی ایک فلسطینی صارف نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں فلم کے ایک سین کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔

اس اسکرین شاٹ میں ایک مسجد کے باہر انگریزی میں لکھے ایک نوٹ کا اردو ترجمہ کافی مزاحیہ ہے۔

صارف نے یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ میری اردو بھی اتنی اچھی نہیں ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ ’Keep your shoes here‘ کا صحیح اردو ترجمہ’کیپ یور شوس حری‘ نہیں ہے۔
جس کے بعد دیگر صارفین نے بھی فلم کی پروڈکشن ٹیم کو انگریزی کا غلط اردو ترجمہ کرنے پر خوب ٹرول کیا ہے۔

یہاں ایک نظر صارفین کی جانب سے کیے گئے دلچسپ ٹوئٹس پر ڈال لیتے ہیں۔