امیتابھ بچن کی ریاض میں میسی اور رونالڈو سے ملاقات

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کی شہرۂ آفاق فٹبالرز کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی سے ہونے والی ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

امیتابھ بچن کنگ فہد انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کرسٹیانو رولینڈو کی ریاض الیون اور لیونل میسی کی پیرس سینٹ جرمین (PSG) کے درمیان دوستانہ مقابلہ دیکھنے کے لیے ریاض گئے تھے۔

بھارتی اداکار کو اس ہائی آکٹین ​​میچ کے افتتاح کے لیے بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔

امیتابھ بچن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خلیجی ملک میں گزرے اپنے یادگار وقت کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ریاض میں گزری ایک زبردست شام جہاں کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، ایمباپے اور نیمار سب ایک ساتھ کھیلیں اور ایسےکھیل کے افتتاح کے لیے آپ کو بطور مہمان مدعو کیا گیا ہو‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’پیرس سینٹ جرمین (PSG) اور ریاض الیون کے درمیان ناقابل یقین مقابلہ ہوا!‘

امیتابھ بچن کی اس پوسٹ پر اداکار کے مداحوں اور نامور بھارتی شخصیات کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔