نورا فتحی کی نئی میوزک ویڈیو میں پاکستانی گلوکار عطاءاللّٰہ کے مشہور گانے کی کاپی

معروف بھارتی میوزِک کمپنی ’ٹی سیریز‘ نے پاکستانی گلوکار عطا اللّٰہ عیسیٰ خیلوی کے مشہور گانے ’اچھا صلہ دیا‘ کی کاپی کرکے اپنی نئی میوزِک ویڈیو بنالی۔

ٹی سیریز کی جانب سے گزشتہ روز یوٹیوب پر ایک نئی میوزِک ویڈیو ’اچھا صلہ دیا‘ ریلیز کی ہے، جس میں نورا فتحی اور راج کمار راؤ اداکاری کے جوہر دِکھاتے نظر آرہے ہیں۔

اس میوزِک ویڈیو میں نورا فتحی کو بے وفا محبوبہ کے روپ میں جبکہ راج کمار راؤ کو ایک ایسے شخص کا کردار ادا کرتے دِکھایا گیا ہے جوکہ ایک کار حادثے سے بچ جاتا ہے اور پھر اس لیے واپس آتا ہے تاکہ اپنی بے وفا محبوبہ سے بدلا لے سکے۔
گانے کے اس نئے ورژن کو بھارتی گلوکار بی پراک اور جانی نے گایا ہے اور اس گانے کی موسیقی کو بھی جانی نے ہی ترتیب دیا ہے۔

واضح رہے کہ عطا اللّٰہ عیسیٰ خیلوی نے اس گانے کو 1992ء میں گایا تھا جس کے بعد 1995ء میں بھارتی گلوکار سونو نگم نے فلم ’بے وفا صنم‘ کے لیے اس گا نے کو کاپی کیا تھا۔