آخری نظام حیدرآباددکن عثمان علی خان کے پوتے مکرم جاہ کو چارمینار شاہی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا استنبول میںہفتہ کی شب انتقال کرگئے تھے:خاندانی ذرائع

آخری نظام حیدرآباددکن عثمان علی خان کے پوتے مکرم جاہ
کو چارمینار شاہی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا
استنبول میںہفتہ کی شب انتقال کرگئے تھے:خاندانی ذرائع
حیدرآباددکن ( )متحدہ ہندوستان کی متمول ترین مسلم ریاست حیدرآباددکن کے آخری نظام عثمان علی خان کے پوتے میر مکرم جاہ بہادر کے جسد خاکی کو منگل 17 جنوری کے روز سپرد خاک کیا جائے گا۔ مکرم جاہ عرف آصف جاہ ہشتم کی نماز جنازہ مکہ مسجد حیدرآباد دکن میں ادا کی جائے گی اور تدفین چارمینار کے قریب واقع نظام دکن کے خاندانی شاہی قبرستان میں ہوگی، جہاں ساتوں نظام بھی دفن ہیں۔خاندانی ذرائع نے تصدیق کی کہ میر مکرم جاہ بہادر کا 14 جنوری 2023 بروز ہفتہ کی رات 10:30 بجے ترکی کے شہر استنبول میں انتقال ہوگیا تھا۔ وہ 90 سال کے تھے اور بڑھاپے سے متعلق بیماری کے دوران ہی انتقال کر گئے۔ حیدرآباد کے آٹھویں نظام کے انتقال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انڈین کانگریس کے لیڈر اور سابق وزیر شبیر علی نے 17 جنوری کو تلنگانہ میں سرکاری تعطیل کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ محمد شبیر علی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل کے ذریعے ٹویٹ کیا کہ آٹھویں نظام میر مکرم جاہ بہادر کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہواانھوں نے تلنگانہ کے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ 17 جنوری کو سرکاری تعطیل کا اعلان کریں اور ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کریں۔مکرم جاہ مرحوم انقال کے وقت بھی حیدرآباد میں بہت بڑی دولت کے مالک تھے۔ ان کے محلات میں چومحلہ پیلس، فلک نما پیلس، نظری باغ محل (کنگ کوٹھی)، چیران پیلس، بنجارہ ہلز، پرانی حویلی اور اورنگ آباد میں نوکھنڈا محل بھی شامل ہے۔ فی الحال حیدر آباد میں ان کے دو اہم محلات چومحلہ اور فلک نما اب بھی عوام کے لیے کھلے ہیں۔
=======================