اکشے سے کہا تھا تم جیسے شخص سے کبھی شادی نہیں کروں گی، ٹوئنکل کھنہ

بالی ووڈ کی سابق اداکارہ سے مصنفہ بن جانے والی ٹوئنکل کھنہ نے اپنی اور اکشے کمار کی شادی کی 22ویں سالگرہ پر اپنے شوہر کے لیے ایک توصیفی نوٹ تحریر کیا، تاہم چند منٹ بعد یہ پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے بالی ووڈ کے ماضی کے سپر اسٹار راجیش کھنہ اور سینئر اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ نے اس تعریف اور توصیف پر مبنی نوٹ کے ساتھ ایک کارڈ کا عکس بھی پوسٹ کیا، جو کہ ان کے شوہر اکشے ان کے لیے لائے تھے۔

ٹوئنکل نے اس حوالے سے ماضی کا ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار انہوں نے اکشے سے کہا تھا کہ میں تم جیسے شخص سے کبھی شادی نہیں کروں گی، تاہم اکشے کی جانب سے پیشرفت نے ان کا دل جیت لیا اور دونوں کی پانچویں بار ہونے والی ملاقات رنگ لے آئی اور وہ شادی کے لیے تیار ہوگئیں۔

ٹوئنکل کھنہ نے ایک چھوٹی سی ویڈیو کلپ بھی شیئر کی ہے جس میں وہ اکشے کے ساتھ ہاتھ تھامے آؤٹ ڈور ایریا میں واک کرتی نظر آرہی ہیں۔

یاد رہے کہ اکشے اور ٹوئنکل نے 1999 کی فلموں ظلمی اور انٹر نیشنل کھلاڑی میں ایک ساتھ کام کیا جس کے چند سال بعد دونوں کی شادی ہوگئی اور اب اس فلمی جوڑے کے دو بچے ہیں۔