تیسرا ون ڈے، پاکستان کا نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ

سیریز کے فیصلہ کُن (تیسرے) ون ڈے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور شان مسعود نے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم یہ پارٹنرشپ صرف 2 رن اور 2 اوورز تک ہی قائم رہ سکی۔

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن نے شان مسعود کو صفر پر آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 6.3 اوورز میں 21 رنز پر گری جب کپتان بابر اعظم کو 4 رنز پر مائیکل پریسویل نے اسٹمپ آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، شان مسعود اور محمد حسنین کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

بابر اعظم نے بتایا کہ امام الحق انجرڈ ہیں اور نسیم شاہ بیمار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بولرز کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، پچ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا ہے۔

پاکستان ٹیم
پاکستان ٹیم میں فخر زمان، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، حارث سہیل، آغا سلمان، محمد نواز، اسامہ میر، محمد وسیم، محمد حسنین اور حارث رؤف شامل ہیں۔