لاہور کی خبریں

لاہور(جنرل رپورٹر)انجمن ماہرین امراض چشم لاہور کی 40ویں اور ایفروایشین کونسل آف آفتھلمولوجی کی 20ویں چار روزہ کانفرنس مقامی ہوٹل میں اختتام پذیر ہو گئی ملکی تاریخ میں پہلی بار 36 ممالک کے 55 سینئر پروفیسرز نے مقالہ جات پڑھے۔کانفرنس میں 1500 سے زائد مندوبین نے پورے پاکستان سے شرکت کی۔ مقررین نے سفید موتیا، کالا موتیا، آنکھوں کے پردہ بصارت پر شوگر، بلڈ پریشر کے اثرات، آنکھوں کی دیگر بیماریوں کے جدید طریقہ علاج پر مشاہدات تجربات کی بنیاد پر گفتگو کی۔ کانفرنس میں طبی آلات کی نمائش بھی لگائی گئی۔کانفرنس میں پاکستانی ڈاکٹرز کو بیرون ملک سے آئے سینئر آفتھلموجسٹ کی ریسرچ سے سیکھنے کا موقع ملا جو مریضوں کے علاج و معالجہ میں کارگر ثابت ہو گا بالخصوص وہ مریض جو بیرون ملک نہیں جا سکتے۔پاکستان میں عالمی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر شرکاء نے منتظمین پروفیسر محمد معین صدر، پروفیسر حسین احمد خاقان جنرل سیکریٹری اور ڈاکٹر جاوید ملک فنانس سیکرٹری کو مبارک باد پیش کی.

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے امتحانی عملے کے معاوضوں میں اضافہ کردیا، فیصلے کا اطلاق آئندہ سالانہ امتحانات سے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق لاہور بورڈ کے تحت نگرانی کی ڈیوٹی دینے والے اساتذہ کے معاوضے میں 100 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے, اب نگران عملے کو پانچ سو کی بجائے چھ سو روپے ملیں گے, پیپر مارکنگ کی فیس میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے, اب فی پیپر 24 روپے کی بجائے 35 روپے دیے جائیں گے.معاوضے کم ہونے کی وجہ سے اساتذہ امتحانی ڈیوٹی میں دلچسپی نہیں لیتے تھے۔لاہور بورڈ انتظامیہ کے مطابق معاوضے میں اضافے کے بعد اساتذہ امتحانات کی ڈیوٹی میں شرکت کریں گے۔

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے ایسو سی ایٹ ڈگری ان آرٹس / سائنس پارٹ ون اور پارٹ ٹوسالانہ2022ء اور بی اے /بی ایس سی پارٹ ٹو (سپیشل کیٹگری) سالانہ 2022ء کے امتحانیچ نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.pu.edu.pk پر دیکھی جا سکتی ہیں.

لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی نے محمدجہانزیب ولد منور جاوید کوسپیشل ایجوکیشن کے مضمون میں ’محکمہ خصوصی تعلیم حکومت پنجاب کے زیر اہتمام خصوصی تعلیمی اداروں میں پرائمری سطح پر زیر تعلیم محروم ازبصارت طلبہ کے لئے انعقاد پذیر تعلیمی پروگرام کا تجزیاتی مطالعہ‘ کے موضوع پر،سائرہ رحمان دختر شفیق الرحمان کوفارمیسی (فارماکوگنوسی) کے مضمون میں ’ککربیٹیسی فیملی کے ممبران سے حاصل کردہ میوسیلیج کی طبیعی، حیاتیاتی اور کیمیائی خصوصیات کا تجزیہ‘ کے موضوع پر،شہزاد احمد ولد محمد عاشق کواسلامک سٹڈیز کے مضمون میں ’مذاہب عالم میں احکام اکل و شرب۔ تقابلی مطالعہ‘کے موضوع پر،حافظہ بشریٰ منیر دختر منیر احمد کوسالڈ سٹیٹ فزکس کے مضمون میں ’سپنل فیزائٹس (XFe2O4: X=V, Mo, Zn)کی ابتدائی اصولوں سے ساختی اور مقناطیسی خصوصیات کی تحقیقات‘کے موضوع پر اورذیشان امجد ولد محمد امجد کوفزکس کے مضمون میں ’جنرلائزڈ ہیزنبرگ میگنیٹ ماڈل کے الجبری پہلو اور سولیٹان سلوشنز‘ کے موضوع پر، پی ایچ ڈی مقالہ جات کی تکمیل کے بعد پی ایچ ڈی کی ڈگریاں جاری کر دیں۔

لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز اینڈ لینگوئسٹکس کے زیر اہتمام ’زبانیات میں عصری رجحانات‘پردو روزہ آٹھویں بین الاقوامی کانفرنس آج صبح 9:45 پر سکول آف بائیو کیمسٹری اینڈ بائیو ٹیکنالوجی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی، لسانیات ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر غلام رضا اور دیگر شرکت کریں گے۔

لاہور () یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے شعبہ فزکس کے زیر اہتمام ”میٹریل سائنس میں پیش رفت“ کے موضوع پر تیسری بین الاقوامی کانفرنس کل 15 دسمبر 2022ء سے جامعہ کے مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں شروع ہو گی، یہ کانفرنس دو روز تک جاری رہے گی، جس میں امریکا، برطانیہ، چین، جرمنی، ملائیشیا، مصر اور ترکیہ سمیت 15 ممالک کے ماہرین شرکت کریں گے۔ اس ضمن میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد میٹریل سائنس کے میدان میں ہونے والی تیز ترین حالیہ ترقی سے نوجوان سکالرز کو آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ دنیا بھر کے عظیم سائنسدانوں نے اس ضمن میں جو کام کیا ہے، وہ اس کی روشنی میں اپنا تحقیقی سفر مزید بہتر طریقے سے آگے بڑھا سکیں۔ کانفرنس کے شریک منتظم پروفیسر ڈاکٹر عالم سعید کے مطابق رواں برس آرگنائزنگ کمیٹی نے اس تقریب میں میٹریل سائنس کے زیادہ سے زیادہ نامور ناموں کو مقررین کے طور پر شامل کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ کانفرنس مستقبل کے مواد کی تحقیق اور ترقی میں پیشرفت کو پھیلانے کے لیے ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سیریز کے پچھلے دو ایونٹس کی طرح جو آن لائن منعقد ہوئے تھے، یہ ایونٹ پاکستان میں میٹریل سائنس کی تحقیق اور ترقی میں سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر عالم نے کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے تمام ارکان، فیکلٹی، سپانسرز سمیت ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس کانفرنس میں مقالے فراہم کیے ہیں۔ یہ پروگرام یونیورسٹی اور کانفرنس کے سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے بھی نشر کیا جائے گا۔