نیب کراچی نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیا۔

کراچی: 10 دسمبر، 2022: چیئرمین نیب جناب آفتاب سلطان کی ہدایت اور نیب کے نعرے “ہمارا ایمان، کرپشن سے پاک پاکستان” کی تعمیل میں، نیب کراچی نے آج (10 دسمبر 2022) کو یوم بین الاقوامی انسداد بدعنوانی کے حوالے سےآگاہی واک کا انعقاد کیا۔ انسداد بدعنوانی کا دن ہر سال9دسمبر کو اقوام متحدہ کے بدعنوانی کے خلاف کنونشن (UNCAC) کے تحت منایا جاتا ہے۔ کرپشن کے خلاف آگاہی واک کا آغاز چنکی منکی ریسٹورنٹ سے اے کے خان پارک سی ویو، کلفٹن کراچی تک ہوا۔ ڈی جی نیب کراچی جناب جاوید اکبر ریاض (PSP) نے واک کی قیادت کی۔ واک میں نیب کے افسران و اہلکاران اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں ماہرین تعلیم، تعلیمی اداروں کے طلباء، مخیر حضرات، سندھ بوائز اسکاؤٹس اور سرکاری محکموں کے نمائندے شامل تھے۔ نیب 26 نومبر سے 12 دسمبر 2022تک بین الاقوامی انسداد بدعنوانی کے حوالے سے دن منا رہا ہے اور اس پورے عرصےبدعنوانی کیخلاف آگاہی کے حوالے سے ا سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور مقامی انتظامیہ میں تقریبات کا انعقاد کر رہا ہے۔

جناب جاوید اکبر ریاض (PSP)، ڈی جی نیب کراچی نے آگاہی واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بدعنوانی کے برے اثرات سے متعلق عوامی آگاہی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کراچی نے گزشتہ چند سالوں سے بدعنوانوں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو تیز کیا ہے اور پوری کوشش کر رہا ہے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ چیئرمین نیب جناب آفتاب سلطان کے متحرک وژن اور رہنمائی کے تحت نیب کراچی بڑے پیمانے پر عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ بیورو کے تمام افسران اور عملہ اس عمدہ کارکردگی کا حصہ ہیں۔

ڈی جی نیب (کراچی) نے معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے میں نوجوانوں کے کردار پر مزید روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ اس سلسلے میں نیب نے بدعنوانی کی روک تھام اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے جذبے سے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کریکٹر بلڈنگ سوسائٹیز تشکیل دی ہیں۔ ڈی جی نیب (کراچی) نے یہ بھی کہا کہ اساتذہ نوجوانوں کی تربیت، تعلیم اور کردار سازی کے ذریعے معاشرے کو کرپشن، اقربا پروری اور جانبداری کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے اپنا کردار فعال طور پر ادا کریں۔

انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہا خاص طور پر تحقیقاتی صحافت کے میدان میں جو بدعنوانی کے متعدد کیسز کو بے نقاب اور منظر عام پر لاتا ہے۔ انہوں نے زیرو ٹالرنس پالیسی اور “احتساب سب کے لیے” کے فعال نقطہ نظر کے ساتھ معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے نیب کے عزم کا اعادہ کیا۔

تمام اسٹیک ہولڈرز، عوامی نمائندوں اور اتحادی شراکت داروں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر اس معاشرے کو بدعنوانی کی لعنت سے نجات دلانے کے لیے نیب کے مشن کو آگے بڑھانا ہوگا۔

واک کے اختتام پر ڈی جی نیب کراچی جناب جاوید اکبر ریاض نے واک میں شامل ہونے اور کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
==================================