سندھ ریونیو بورڈ آلٹرنیٹوڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ADRC) کو با اختیار بنائے گا:عرفان اقبال شیخ، صدر ایف پی سی سی آئی

کراچی (9 دسمبر 2022) : چیئرمین سندھ ریونیو بورڈ (SRB) کے ایف پی سی سی آئی ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر اپنے بیان میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے آلٹرنیٹوڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ADRC) کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور اسے با اختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ADRC دونوں فریقین یعنی تاجر برادری اور سندھ ریونیو بورڈ کے قیمتی وقت، وسائل اور ان کوایشوز میں الجھنے سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔سند ھ ریونیو بورڈ کے چیئرمین کے ساتھ وفودکی سطح پر ملا قات کے موقع پر سنیئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاؤلہ نے میٹنگ کو کوچیئر کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کے تکنیکی اور ٹیکس کے ماہر اراکین کو نامزد کرنے کی پیشکش کی؛تاکہ ADRC کو مضبوط بنانے کے لیے سند ھ ریونیو بورڈ کی کوششوں کو با رآور بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے نامزد افراد حقیقی مسائل کے بارے میں زمینی حقائق سے آگاہی رکھتے ہونگے اور ٹیکس کے معاملات کی گہری سمجھ بوجھ کے ساتھ کمیٹی کا ہاتھ بٹائیں گے۔نائب صدرایف پی سی سی آئی شبیر منشاء نے مطالبہ کیا کہ چونکہ کراچی شہر وفاقی اور صوبائی ٹیکس اتھارٹیز کی کیلکشن میں سب سے بڑا حصہ ڈالتا ہے اس لیے کراچی کے بنیادی انفرا اسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی طور پر انوسمنٹ کی جانی چاہیے اور صنعتی و تجارتی علاقوں اور پورٹ کے انفرا اسٹر کچر پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے کراچی سے ریونیو کی مد میں حکومتی آمدنی میں مزید اضافہ ہوگا۔نائب صدر ایف پی سی سی آئی شوکت عمرسن نے سندھ ریونیو بورڈ کی اعلیٰ انتظامیہ کو آگاہ کیا کہ ایف پی سی سی آئی کے بہت سے اراکین تنازعات کے حل کے متبادل طریقہ کار میں با قاعدہ کوالیفائڈ ہیں؛جن میں ایف پی سی سی آئی کے موجودہ و سابق آفس بیر ئیرز بھی شامل ہیں اور وہ ADRC کے اقدامات کو زبردست عملی تعاون فراہم کر سکتے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے صدر کے مشیر برائے ایف بی آرو ریونیو امور خرم اعجاز نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی سندھ ریونیو بورڈ کو اپنا دوست سمجھتا ہے نہ کہ مخالف؛کیونکہ دونوں اداروں کے مقاصد ایک ہیں اور وہ دونوں ہی صوبے کی معاشی ترقی اور صوبائی ٹیکس وصولی سے متعلق تمام تنازعات اور اناملیز کا حل چاہتے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے مطالبے پرسندھ ریونیو بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر واصف علی میمن نے اس موقع پر اعلان کیا کہSRB کی جانب سے چند ہی ہفتوں میں ایک موثر اور جامعADRC تشکیل دی جائے گی اور ہم ایف پی سی سی آئی کے 5 سے 6 نامزد افراد کو کمیٹی میں شامل کریں گے۔چیئرمین ایس آر بی نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ تمام شعبوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایف پی سی سی آئی کے نامزد افراد کو مختلف شعبوں سے آنا چاہیے۔ مزید برآں، انہوں نے کاروباری برادری سے درخواست کی کہ وہ قانونی چارہ جوئی میں جانے سے پہلے ADRC اور SRB کے دیگر فورمز کو بروئے کار لائیں؛ کیونکہ قانونی چارہ جوئی سے تنازعات کے حل میں تاخیر ہوتی ہے۔ڈاکٹر واصف علی میمن نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ تقریباً 80 ارب روپے مالیت کے مقدمات عدالتوں میں چل رہے ہیں اور SRB کی خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ معاملات کو خوش اسلوبی اور باہمی رضامندی سے ٹیبل پر بیٹھ کر حل کرنے کی روایت کو اپنایاجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کاروباری برادری کے لیے سہولت کار اور ان کے پارٹنرز بننا چاہتے ہیں اور خواہش رکھتے ہیں کہ SRB کی جانب سے کبھی بھی کسی بھی قسم کی کو ئی بھی زیادتی نا ہونے پائے۔

========================