لاڑکانہ میں سماجی تنظیم روشنی ہیلپ لائن اور لاڑکانہ کے صدارتی ایوارڈ یافتہ سماجی رہنما حاجی انور علی کوکڑ کے درمیان لاڑکانہ پریس کلب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے،


لاڑکانہ(۔ محمد عاشق پٹھان) لاڑکانہ میں سماجی تنظیم روشنی ہیلپ لائن اور لاڑکانہ کے صدارتی ایوارڈ یافتہ سماجی رہنما حاجی انور علی کوکڑ کے درمیان لاڑکانہ پریس کلب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے، اس موقع پر روشنی ہیلپ لائن کے سربراہ محمد علی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2000 سے ہماری تنظیم پاکستان میں گم شدہ بچوں کو تلاش کر کے ان کے والدین کے حوالے کر رہی ہے، ہماری تنظیم میں 4500 رضاکار اور 2200 خواجہ سراء شامل ہیں جن کے پاس موبائل فون ہیں وہ گم شدہ بچوں کو ان کے والدین تک پہنچانے میں مدد کے لیے دفاتر، محلوں اور گلیوں میں جاکر یہ کام سرانجام دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جہاں گم شدہ بچوں کے حوالے سے قانون سازی کی گئی ہے اور ہم 2012 سے اس عمل میں سرگرم ہیں، انہوں نے کہا کہ زیادہ تر گمشدہ بچے مساجد میں اعلانات کیے جاتے ہیں اور قریبی پولیس اسٹیشن میں ایک این سی درج کرائی جاتی ہے جس میں پولیس صرف اشتہار دیتی ہے اور وائرلیس پر پیغامات بھیجتی ہے اور اگر بچہ بروقت نہ ملے تو بچہ ہمیشہ کے لیے گم ہوجاتا ہے یا مار دیا جاتا ہے یا وہ جسم فروشی اور دیگر سرگرمیوں دھکیلا جاتا ہے، پولیس ایسی شکایات کو کالم نمبر ایک میں شامل کر دیتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ایسی شکایات کو کالم ٹو میں رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کراچی سے 1100 بچے لاپتہ ہوئے اور یہ تعداد ہر سال بڑھ رہی ہے کیونکہ پولیس اس معاملے میں سستی کا مظاہرہ کر رہی ہے لہٰذا پولیس کو زینب بل اور زرا الرٹ اتھارٹی بل کے بارے میں آگاہ کیا جائے تاکہ لاپتہ بچوں کو تیزی سے تلاش کیا جاسکے، اس موقع پر خدمت معصوم ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ حاجی انور علی کھوکھر نے کہا کہ میں 1988 سے لاڑکانہ میں کام کر رہا ہوں، ہماری تنظیم نے 19 ہزار بچوں کو تلاش کر کے ان کے والدین کے پاس پہنچایا ہے اور اب تک ہم نے اپنے ادارے میں 13 ہزار خواتین کو پناہ دی ہے جنہیں متعلقہ عدالتوں میں پیش کرکے ضمانت اور تحریری طور پر ورثاء کے حوالے کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ روشنی ہیلپ لائن کے ساتھ میمورنڈم پر دستخط کرنے کا مقصد لاپتہ بچوں کو تلاش کرکے جلد ان کے والدین کے حوالے کرنا ہے، اس لیے ہر ضلع میں ایسے ادارے ہونے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ایک عظیم انسان تھے جنہوں نے اپنی زندگی یتیموں، بیواؤں اور سماجی کاموں کے لیے وقف کر دی آج ہمیں ایسے ہزاروں عبدالستار ایدھی کی ضرورت ہے جو اس کار خیر میں ہمارا ساتھ دیں، بریفنگ کے بعد لاڑکانہ کے ایدھی اور خدمت معصوم ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ حاجی انور علی کھوکھر نے کراچی کی سماجی تنظیم روشنی ہیلپ لائن کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، بعد ازاں روشنی ہیلپ لائن کے سربراہ محمد علی نے حاجی انور علی کھوکھر کو ان کی خدمات کے عوض شیلڈ دے کر ان کی خدمات کو سراہا