دلیپ کمار نے پہلی ملاقات میں جاوید شیخ کو کھڑے ہوکر گلے کیوں لگایا؟

سینئر پاکستانی اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا کہ دلیپ کمار صاحب نے پہلی ملاقات کے دوران کھڑے ہوکر مجھے گلے سے لگا کر کہا کہ اسے تو میں بہت اچھی طرح جانتا ہوں۔

جاوید شیخ نےحال ہی میں میزبان اور کامیڈین نادر علی کے ہمراہ ایک پوڈ کاسٹ میں لیجنڈ اداکار دلیپ کمار سے ہونے والی اپنی پہلی ملاقات کا ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔

اُنہوں نے بتایا کہ ’میرا دلیپ کمار صاحب سے ہدایتکار حسن عسکری نے تعارف کروایا تھا‘۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ’میں دلیپ کمار سے ملاقات کے لیے بطور مداح قطار میں کھڑا تھا جیسے ہی میری باری آئی تو حسن عسکری نے میرا دلیپ صاحب سے تعارف کروایا کہ یہ میری بیٹی کے ساتھ فلم میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والا ہے‘۔

جاوید شیخ نے بتایا کہ’دلیپ کمار نے جیسے ہی مجھے دیکھا میرا ہاتھ زور سے پکڑا اور پرجوش انداز میں کھڑے ہوکر مجھے گلے سے لگایا اور کہا کہ اسے تو میں بہت اچھی طرح سے جانتا ہوں‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ’دلیپ کمار کی یہ بات سن کر میں حیران رہ گیا اور پوچھا کہ آپ مجھے کیسے جانتے ہیں‘۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ’میرے اس سوال پر سائرہ بانو جوکہ ان کے ہمراہ موجود تھیں کہنے لگیں کہ بھئی ہم سے ایک دن یوسف نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کا ڈرامہ ان کہی آیا ہوا ہے تو ہم نے اس ڈارمے کی 13 اقساط منگوالیں کہ ہر روز ایک قسط دیکھ لیں گے لیکن جب ہم نے ڈرامہ دیکھنا شروع کیا تو ہم رُک نہیں سکے اور ایک رات میں ہی پوری 13 اقساط دیکھ لیں‘۔

واضح رہے کہ مایہ ناز پاکستانی اسکرین رائٹر حسینہ معین کے قلم سے تحریر ہونے والا یہ مقبول ترین ڈرامہ’ان کہی‘ 1982ء میں نشر ہوا تھا۔

اس ڈرامے میں جاوید شیخ، سلیم ناصر، شہناز شیخ، شکیل، جمشید انصاری اور بہروزسبزواری کی لازوال اداکاری اور دلوں میں گھر کر جانے والے ڈائیلاگز آج تک لوگوں کو یاد ہیں۔
یہ پاکستان ٹیلی ویژن کے اس سنہرے دور کی بات ہے جب حسینہ معین اور شہناز شیخ کے ڈراموں کا اسکرین پر راج تھا۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ پاکستانی ڈرامہ سیریل ’ان کہی‘ کی تھیم پر اب تک بالی ووڈ انڈسٹری میں کئی فلمیں بھی بنائی جاچکی ہیں۔