عاصم اظہر نے جمعے کی اذان دے کر مداحوں کے دل جیت لیے

پاکستان کے معروف گلوکار عاصم اظہر نے ایک بار پھر اپنے مداحوں کے دل جیت لیے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گزشتہ روز سے وائرل ہونے والی ویڈیو میں عاصم اظہر کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جمعے کی اذان دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے عاصم اظہر نے کیپشن میں انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’سچ میں یہ جمعہ زندگی کا بہترین دن تھا جب مجھے آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے اذان دینے کا موقع ملا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اس لمحے کی ایک اور خوبصورت چیز یہ ہے کہ یہاں تمام مسلک کے مسلمان ایک ساتھ نماز ادا کرنے آئے ہوئے تھے۔
یہ ویڈیو میلبرن کے کرکٹ گراؤنڈ میں اتوار کو پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے پلے آف سے قبل سامنے آئی ہے۔

انہوں نے اپنے مداحوں کو بے فکر رہنے کا کہتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ سب نے نماز کے بعد اتوار کو دوران میچ بارش نہ ہونے کی دعا بھی مانگی ہے۔

عاصم اظہر کی اس ویڈیو کو اب تک تقریباً 1 ملین صارفین دیکھ چکے ہیں، جبکہ ڈھائی لاکھ صارفین نے اسے پسند کیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی نغمے ’کھیل دل میں ہے‘ کو میشا شفیع، عاصم اظہر ، عبداللہ صدیقی اور ایوا بی نے ایک ساتھ مل کر پرفارم کیا ہے۔