چوبیسویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کا نیول ہیڈکوارٹرز کادورہ


اسلام آباد، 20 اکتوبر 22: چوبیسویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اینڈ ریسرچ اینالیسس (ISSRA) میجر جنرل رضا ایزد کررہےتھے۔

ورکشاپ کے شرکاء کو پاک بحریہ کے چیلنجز اور لائحہ عمل بشمول بلیواکانومی کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نےورکشاپ کے شرکاء سے بات چیت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے بحری سیکیورٹی سے متعلق امور اور ملک میں میری ٹائم آگاہی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔نیول چیف نے سمندری اور ساحلی سیکیورٹی کو بڑھانے، آپریشنل تیاریوں، حالیہ سیلاب کے بعد جاری امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تعلیم وصحت کے شعبے اور ساحلی کمیونٹی کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک بحریہ کے اقدامات سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔

نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء میں اراکین پارلیمنٹ، سیاستدان، بیوروکریٹس، مسلح افواج کے افسران کے ساتھ ساتھ ماہرین تعلیم اور تاجر برادری کے نمائندے شامل تھے۔ شرکاء نے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں۔نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکاء کے لیے یہ دورہ شمالی بحیرہ عرب میں موجودہ ماحول اور ملک کو درپیش سمندری چیلنجز کے متعلق آگاہی حاصل کرنے میں مجموعی طور پر بہت فائدہ مند ثابت ہوا۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)
===============================