علی ظفر ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی باکس آفس پر تاریخی کامیابی دیکھنےکےخواہشمند

معروف پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر جیو فلمز کی پیشکش، انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کی شاہ کار فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو باکس آفس پر تاریخی کامیابی حاصل کرتا دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

علی ظفر نے اس شاہکار کو تخلیق کرنے کے لیے بلال لاشاری کے 10 سالہ طویل عزم کی تعریف کی۔

اُنہوں نے فلم کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’میں چاہتا ہوں کہ یہ 100 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بن جائے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’ہر چند سال بعد ایک ایسی فلم ضرور آتی ہےجو رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے نئے ریکارڈ قائم کرتی ہے اور میرے خیال سے یہ وہی فلم ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ’مجھے خود فلم بنانے کا تجربہ ہے، اس لیے میں سمجھ سکتا ہوں کہ ایک عظیم تصنیف کی عکس بندی کے لیے فلم میں کام کرنے والے ہر شخص کو کن مشکلات سے گزرنا پڑا ہوگا اور پھر ان سب نے اس کام کو کس طرح شاندار طریقے سے انجام دیا ہے‘۔
علی ظفر نے کہا کہ’ہدایت کار کا ایسی فلم بنانے کے بارے میں سوچنا اور پھر اس کی ریلیز تک اپنی زندگی کے 10 سال لگانے کے لیے بہت عزم، صبر اور بہت حوصلہ درکار ہوتا ہے جو صرف اسے اور اس کے خاندان کو ہی معلوم ہوگا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’اس کے سفر کے کچھ حصّوں کو دیکھ کر، مجھے یقین ہے کہ وہ ایک حقیقی فنکار ہے اور اس کا حوصلہ بڑھایا جانا چاہیےاور اسے اعلیٰ سطح پر ایوارڈ نوازا جانا چاہیے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’میرا فلم کی باقی پوری ٹیم کے لیے بھی یہی خیال ہے‘۔

علی ظفر کا کہنا ہے کہ ’فلم ٹیم ورک ہوتا ہے، فلم بنانے کے لیے ہر چیز کو تفصیل سے دیکھنا انتہائی مشکل کام ہے، اس بات کا مطالعہ اور اعتراف کیا جانا چاہیے، فلم کی پوری ٹیم تعریف کی مستحق ہے‘۔

گلوکار نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم کو ہر طرح کی حمایت ملنی چاہیے اور اس کی تعریف کی جانی چاہیے‘۔