شاہ زیب قتل کیس کے فیصلے پر ماورا حسین کا تبصرہ

نامور پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے شاہ زیب قتل کیس میں ملزمان کی رہائی کے فیصلے پر شدید ردِ عمل دیا ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا۔
اس فیصلے پر جہاں عوام کا ردِ عمل سامنے آرہا ہے وہیں نامور اداکارہ ماورا حسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ماورا کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے امیر ہمارے نظام انصاف کا مذاق اڑاتے ہیں۔

انہوں نے تحریر کیا کہ یہاں ہم سب غیر محفوظ ہیں، کوئی قانون ہماری حفاظت نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ ’خدا نہ کرے کہ ہم اپنے آپ کو اس حالت میں پائیں جہاں یہ سوال کریں کہ کیا ہم طاقت ور ہیں؟‘
شاہزیب قتل کیس کا پس منظر

یاد رہے کہ شاہ زیب خان کی ہلاکت کا واقعہ 24 دسمبر 2012ء کی شب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیش آیا تھا، جہاں شاہ رخ جتوئی اور اس کے ساتھیوں نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر کے شاہ زیب کو قتل کر دیا تھا۔

شاہ زیب قتل کے مقدمے میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے شاہ رخ اور اس کے ساتھی سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ دیگر دو مجرموں سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

بعد ازاں 2019ء میں سندھ ہائیکورٹ نے شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی جانب سے دائر کی گئی بریت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ان کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا۔