ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہم شرمندہ ہیں : امیر محمد خان

امیر محمد خان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہم شرمندہ ہیں

جو قومیں اپنے محسنوں کو بھو ل جاتی ہیں، اور انہیں صرف تاریخ کا وہ حصہ بن جاتی ہیں جس کو فخر سے پڑھا تو جاسکتا ہے مگر دراصل ہمیں نادم و شرمندہ ہونا چاہئے کہ کیسے کیسے محب وطن ہیروں کو ہم بھولا بیٹھے ہیں ، چند روز قبل دس اکتوبر کو اس بات کا شدید احساس ہوا جب محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پہلی برسی خاموشی سے گزر گئی ، ماسوائے راولپنڈی میں ایک چھوٹا فورم جو بڑے کام کرتا ہے اور وطن سے محبت کے اظہار کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا میر ی مراد پاکستان حکومت کے ایک سابق افسر رانا عبدالباقی جنہوں نے ”جناح اقبال فورم بنایا ہوا ہے انہوں نے ڈاکٹر قدیر کو یاد رکھا اور برسی کے دن انکی قبر پر پھول چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔اسکے علاوہ نہ ہی اخبارات، نہ ہی پاکستان کے وہ سینکڑوں چینل جو شام ہوتے ہی، اپنی روٹی پانی کیلئے اپنی من پسند آراء سے لوگوں کو گمراہ کررہے ہوتے ہیں وہاں بھی اس برسی کا ذکر مختصر خبروں میں بھی نہ تھا، وہاں ٹک ٹاکر رحیم شاہ کی خبریں اہم تھیں، پاکستان بھر میں نہ ہی اقتدار کی کرسی کیلئے دست و گریبان کسی سیاست دان کی جانب سے ڈاکٹر قدیرکیلئے کوئی تعزیتی الفاظ تھے۔ سب سے زیادہ افسوس پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی خاموشی کا تھا جو ایک عرصہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر کی کاوشوں، انہیں پاکستان لانے کا، ایٹمی دھماکہ سہراء اپنے سر لینے کا چورن بیچ کر عوام کی محبتیں سمیٹتے رہے ہیں، سیاسی بساط پر تیسری جماعت تحریک انصاف کا ذکر تو چھوڑ دیں کہ وہاں تو اپنی نالایقیوں کی بناء پر حکومت چھن جانے کا سو گ ہے۔ ان سے توقع بھی کرنا بے کار تھی کہ سیلاب ذدہ قوم کے سامنے جلسوں میں چور ڈاکوں کا ذکر کرنے والے لیڈران قوم کو یاد دلاتے کہ آج کے دن پاکستان کو دنیا کا ساتواں ایٹمی ملک بنانے والا، پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت باننے والا، اپنی عیش و عشرت کو چھوڑ کر ہماری ملک کی سرحدوں کو مضبوط بنانے کا سعی کرنے والا شخص ہم سے جداء ہوا تھا، ڈاکٹر قدیر خان تو روز قیامت مسلمانوں ، اور خاص طور پاکستانیوں سے پوچھیں گے کہ میں نے پاکستان، اور مسلم امہ کیلئے کیا خدمات انجام دیں اور تم نے مسلم مخالف دنیا کے کہنے پر ایٹمی راز کو فروخت کرنے کا الزام لگا کر ، پانچ سال قید میں رکھا اور تادم انتقال انکی نقل و حرکت پر پابندی رہی۔ نظر بندی کے دوران ایک انٹرویو میں ڈاکٹر عبدالقدیر سے جب سوال کیا گیا تھا کہ کیا انہیں اپنی زندگی میں کسی کام پر افسوس ہے؟؟ڈاکٹر قدیر کا جواب پاکستان کے دس کروڑ عوام ، اور اربوں کروڑوں اسے ملک سے لوٹنے والوں کی منہ پر تماچہ تھا ، انہوں نے جواب میں فرمایا تھا ”مجھے اس بات افسوس ہے کہ مجھے اس ملک کو ایٹمی طاقت بنانے پر افسوس ہے جس نے مجھے اسکے صلے میں پابند سلاسل کردیا انہوں نے کہ تھا مجھے پاکستان کے عوام سے گلاء نہیں وہ تو مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں مجھے گلاء ہے ان چور اور لیٹرے سیاست دانوں سے جو اپنے محسنوں کے ساتھ یہ سلوک کرتے ہیں جو انہوں نے میرے ساتھ کیا، مجھے پانچ سال قید رکھا ، عدالت سے پانچ سال بعد رہائی کا حکم صادر ہوا ، مگر پھر بھی مجھ سفرپر باہر نکلنے پر پابندیاں ہیں، پانچ سال میرے بچے مجھ سے گھر پر نہ مل سکے، مجھ پر الزام لگے کہ میں نے اربوں ڈالرز کے عوض ایٹمی راز دنیا کو فروخت کئے، مگر کسی کو ایک ڈالر بھی نہ مل سکا، مجھے دوران پابندی پہلے چا ر ہزار روپیہ جسے بعد میں 19000 روپیہ ماہانہ کردیا گیا گزر بسر کیلئے دئے گئے، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے کے بعد حکومتی مسنعد پر بیٹھے،ملک کے ایٹمی طاقت ہونے پر بغلیں بجاتے رہے اور میرا یہ حشر کردیا۔ تو اس پر افسوس نہ کروں تو کیاکروں؟؟ڈاکٹر عبدالقدیر کو سابق وزیر اعظم ظفراللہ جمالی نے اپنا مشیر رکھا ، مگر جب سابق پرویز مشرف نے دنیا کے کہنے پرڈاکٹر عبدالقدیر پر الزامات لگائے تو ڈاکٹر قدیر کو برطرف کردیا گیا، ظفراللہ جمالی ایک نہائت ہی محب وطن سیاست تھے انہوں نے اپنے باس پرویز مشرف کی اس سلسلے میں مخالفت کی تو پرویز مشرف نے انہیں بھی فارغ کردیا ۔ ظفر اللہ جمالی پرویز مشرف کو boss کہتے تھے۔ جب انہیں برطرف کیا گیا تو پرویز مشرف نے کہا ”ظفراللہ جمالی کی برطرفی کی وجہ یہ تھی کہ وہ نالائق تھے،“ (کوئی نالائق ہی انہیں اپنا bossکہہ سکتا تھا۔)
جنرل پرویز مشرف کے دور میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے سرکاری ٹی وی پر دیگر ممالک کو جوہری راز فروخت کرنے کے الزامات تسلیم کروا کر معافی منگوائی گئی ڈاکٹر قدیر اس کیلئے راضی نہ تھے ، میر ظفراللہ جمالی اورچوہدری شجاعت کی خدمات لی گئیں کہ اگر انہوں نے میڈیا پر آکر بیان نہ دیا تو انہیں امریکہ مانگ رہا ہے انہیں امریکہ کو دینا پڑے گا، دونوں افراد کے کہنے پر ڈاکٹر عبدالقدیر نے پرویز مشرف حکومت کے لکھے ہوئے معافی نامہ کو پڑھا اور معافی طلب کی۔ ڈاکٹر مجید نظامی جو آج جنت میں محب وطنی اور ایمانداری کے عوض میں عیش سے ہونگے، انکی ادارہ نوائے وقت کی مطبوعات کے ذریعے ڈاکٹر عبدالقدیر خان پر مشکل وقت آنے پر کھل کر ان کا ساتھ دیا اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید بھی کی۔ ادارے کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور روزنامہ نوائے وقت کے ایڈیٹر مجید نظامی نے اس سلسلے میں کسی قسم کے دباؤکو خاطر میں نہ لاتے ہوئے تقریباً دو برس تک مسلسل ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نظر بندی کے خلاف بلا معاوضہ اشتہار شائع کیا جس کی پاداش میں نوائے وقت کو سرکاری اشتہارات کی بندش کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن اس کے باوجود مجید نظامی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھ کھڑے رہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی زندگی کے اہم واقعات پر جب بھی بیان کیے جائیں گے نوائے وقت اور محترم مجید نظامی صاحب کا ذکر خیر شامل ہوگا،
اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو لا محدود خوبیوں سے سرفراز کیا۔ اُنھوں نے بحیثیت انجینئر میٹلر جسٹ اور سائنس دان 200 سے زائد تحقیقی مقالے تحریر کیے۔ جو عالمی سطح کے ریسرچ جرنلز میں شائع ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر کی یونی ورسٹیوں میں اُنکے لیکچروں کی تعداد 100 سے زیادہ ہے۔ اُنکی زیرِ سرپرستی 14 /اپریل 1998ء غوری IIبلاسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ ہوا۔ بکتر شکن انٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل اُن کی زیرِ نگرانی تیار ہوئے۔ ہمارے پڑوسی ملک اور پاکستان کے ازلی دشمن بھارت نے 21 مئی 1998ء کو ایٹمی تجربہ کر کے دنیاکی چھٹی ایٹمی قوت ہونے کا اعلان کر دیا۔ اسکے جواب میں پاکستان نے 28 مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے FISSIONکر کے نہ صرف پاکستان کو دنیا کی ساتویں بڑی ایٹمی قوت بنا دیا بل کہ عالمِ اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت کے طور پر اُبھرا۔ ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹری کے چیئرمین کی حیثیت سے اُنھوں نے 14 /اکتوبر 1998ء تا 31 مارچ 2000ء تک خدمات انجام دیں۔ اُنہوں نے انسانی ہمدردی کے تحت بہت سے فلاحی اداروں میں حصہ لیا، بیماری کے دوران قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو محبت بھرے پیغامات بھیجتی رہی۔ وہ قو م کے دلوں میں بستے تھے اور بستے ہیں۔ گھر کی نظر بندی کوئی حیثیت نہیں رکھتی،وہ حفاظت میں یا حراست میں کوئی فرق نہیں پڑا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے مولانا احمد علی لاہوری روڈ اور مینارِ پاکستان کے قرب میں ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے نام سے 9 منزلہ، 300 بستروں کا ہسپتال تعمیر کروا یا۔ اپنی مدد آپ کے تحت یہ پاکستان کا اہم ترین منصوبہ ثابت ہوا مگر اسکی تشہیر کبھی نہ کی۔مورخ کہتے ہیں ڈاکٹر عبدالقدیر نے جتنی مقالے لکھے، ایوارڈ حاصل کئے اسکا وزن ڈاکٹر عبدالقدیر کے اپنے وزن سے زیادہ ہیں۔ڈاکٹر عبدالقدیر پاکستانکی قوم آپ سے شرمندہ ہے۔