اسلامی جمعیت طلباء پاکستان نے اپنے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر ملک گیر رابطہ طلبہ مہم کا آغاز کردیا ہے،

لاہور ( جنرل رپورٹر ) اسلامی جمعیت طلباء پاکستان نے اپنے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر ملک گیر رابطہ طلبہ مہم کا آغاز کردیا ہے، لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے تنظیم کے مرکزی ناظمِ اعلیٰ شکیل احمد نے بتایا کہ 22 ستمبر سے 30 ستمبر تک سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی تعلیم مہم چلائے جارہی ہے ، جس کے دوران سیلاب زدہ جنوبی پنجاب،بلوچستان اور سندھ میں خیمہ سکولز قائم کئے جائیں گے۔ اس وقت بھی اسلامی جمعیت طلبہ کے خیمہ سکولز قائم ہیں جہاں سیلاب سے متاثرہ بچے اپنی تعلیم کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر سے پانچ اکتوبر تک سلام استاد کے عنوان سے تکریمِ اساتذہ مہم چلائی جائے گی اس مہم کے دوران طلبہ کو استاد کے احترام کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گاجبکہ یکم اکتوبر سے 15 اکتوبر تک میرے نبیؐ میرے رہنمامہم چلائی جائے گی جس میں سیرت نبیﷺ کانفرنسز کے انعقاد کرنے کے ساتھ ساتھ سیرت کوئز اور دیگر پروگرامات کروائے جائیں گے جبکہ 16 اکتوبر سے 5 نومبر تک طلبہ یونین کی بحالی کے لیے مہم چلائی جائے گی اور ‎6 نومبر تا 10 نومبر عشرہ مصور پاکستان مہم چلائی جائے گی۔ جسں میں مختلف تقریبات میں مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ‎11 تا 30 نومبر ایکسپو/ ٹیلنٹ ایوارڈ شوز کا انعقاد کیا جائے گا پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پرپروگرامات ہوں گے ۔اس مہم کے دوران پورے پاکستان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو انعامات دیئے جائیں گے اس موقع پر ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمدکا کہنا تھا کہ طلبہ یونین ناصرف طلبہ کا آئینی اور جمہوری حق ہے بلکہ وقت کی اہم ترین ضرورت بھی ہے، طلباء یونین پر پابندی کی آڑ میں طلبہ کو سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے۔ فیسوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ طلبہ و طالبات ٹرانسپورٹ اور ہاسٹلز کی کمی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اٹھارہ سال کا نوجوان پاکستان کا ووٹر ہے لیکن اپنا نمائندہ چننے کا اختیار نہیں رکھتا۔ناظمِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی طلبا تنظیم کا کامیابی سے 75 سال مکمل کرنا ایک تاریخی سنگِ میل ہے، اسی مناسبت سے یکم تا 20 دسمبر جمعیت اپنے 75 سال ڈائمنڈ جوبلی کے طور پر منائے گی۔اس موقع پر مختلف پروگرامات کا انعقادکیا جائے گا۔جس میں طلبہ کو جمعیت کے 75 سالہ سفر کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
==========================