قومی ٹیم کے اسکواڈ کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کیلئے کڑا امتحان بن گیا

انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے اسکواڈ کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کے لیے کڑا امتحان بن گیا۔

کمیٹی کی مشاورت کا عمل جاری ہے، جسے ناموں کو حتمی شکل دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کی اصل وجہ ایشیا کپ میں بیٹرز کی خراب پرفارمنس اور چند کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل ہیں۔

ایشیا کپ میں کئی کرکٹرز ان فٹ ہوئے جبکہ شاہین آفریدی نے تاحال بولنگ شروع نہیں کی۔
اسی طرح تجویز ہے کہ محمد رضوان اور شاداب خان کو انگلینڈ کے خلاف ابتدائی میچز میں آرام دیا جائے جبکہ ان کی جگہ پر سرفراز احمد، محمد زاہد اور عثمان قادر کو کھلایا جائے۔

اسی طرح اوپنر شان مسعود کو بھی انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز 20 ستمبر سے شروع ہوگی جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کے اعلان کی کٹ آف ڈیٹ 15 ستمبر ہے۔

اگر ٹیم کو حتمی شکل نہ دی جا سکی تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی کٹ آف ڈیٹ میں توسیع کے لیے آئی سی سی سے درخواست کی جائے گی۔