بس بہت ہو گیا، آج باضابطہ جواب دوں گا:مجھے بدنام کرنے کے لیے میرے الفاظ کو جان بوجھ کر توڑمروڑ‘ کر پیش کیا جا رہا ہے


پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ان کے خلاف کڑا پروپیگنڈا کر رہا ہے جس کا باضابطہ جواب وہ آج شام پشاور کے جلسے میں دیں گے۔

منگل کی صبح ٹوئٹر پر ایک پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ’مجھے بدنام کرنے کے لیے میرے الفاظ کو جان بوجھ کر توڑمروڑ‘ کر پیش کیا جا رہا ہے جس کا مقصد انہیں بدنام کرنا ہے۔

عمران خان نے دو روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب میں حکومتی جماعتوں (پی ڈی ایم اور اتحادیوں) پر اپنی مرضی کا آرمی چیف تعینات کرنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔

اس سلسلے میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری کے نام لیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ پاکستان آرمی کا نیا سربراہ ان کی کرپشن کا حساب مانگے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کے اس بیان پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی حتی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، جن کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، نے کہا تھا کہ عمران خان اپنے بیان کی وضاحت خود کریں گے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس ہی آر) کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’پاکستانی فوج میں فیصل آباد میں ایک سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کی سینیئر قیادت کے بارے میں توہین آمیز اور غیر ضروری بیان پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔‘

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ایک ایسے وقت میں پاکستان فوج کی اعلیٰ قیادت کو بدنام اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے جب ادارہ پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے روزانہ قربانیاں دے رہا ہے۔

عمران خان کی فیصل آباد میں تقریر کے اگلے ہی روز پاکستان تحریک انصاف نے ان کے بیان سے متعلق وضاحت پیش کی تھی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پی ٹی آئی کے رہنبما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم نے فیصل آباد کے جلسے سے خطاب میں فوج کی اعلیٰ قیادت پر سوال نہیں اٹھایا، بلکہ ان سیاست دانوں کی اہلیت پر سوال اٹھایا ہے جو فوج کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فوج کی قیادت کی حب الوطنی پر کوئی شک و شبہ نہیں ہے کیونکہ وہ پاکستان کی مٹی سے جڑے ہیں۔

انہوں نے اخبارات میں چھپنے والی ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف لندن جا کر نواز شریف سے اگلے آرمی چیف کے نام کی منظوری لیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا، ’پاکستان فوج کی اس سے زیادہ توہین کیا ہوگی کہ ایک مفرور شخص پاکستان کے آئندہ آرمی چیف کے نام کی منظوری دے گا۔ اس سے عزت میں اضافہ ہوگا یا کمی؟‘

منگل کی ٹویٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے ان کی مخالف سیاسی جماعتوں کے اتحاد پاکستان جمہوری تحریک (پی ڈی ایم) پر ان کے خلاف پروپیگنڈہ شروع کرنے کا الزام لگایا۔

سابق وزیر اعظم نے ٹویٹ میں کہا: ‘میں اس کڑے پروپیگنڈے پر نگاہ رکھے ہوئے ہوں جو مجرموں کا پی ڈیم ایم نامی گروہ میرے خلاف کر رہا ہے۔’

عمران خان نے پی ڈی ایم کے مبینہ پروپیگنڈے کی وجہ مذکورہ اتحاد کا ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت کی وجہ سے خوف کو قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پی ڈی ایم کے پروپیگنڈے کا باضابطہ جواب آج شام کو پی ٹی آئی اور اتحادی سیاسی جماعتوں کے عوامی اجتماع سے خطاب میں دیں گے۔

پاکستان فوج کے موجودہ سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اس سال نومبر میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں، اور ان کے جانشین کا تعین وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری سے ہو گا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان اپنی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں آج شام پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
https://www.independenturdu.com/node/113751
=========================================================


سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کو اپنے خلاف ’سخت پروپیگنڈے‘ میں ملوث ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں اس پر نظر رکھے ہوئے ہوں۔‘
منگل کو ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں عمران خان نے لکھا کہ ’یہ ان کے پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہونے کا نتیجہ ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’بہت ہو گیا۔ آج پشاور جلسہ میں ان سب کو جواب دوں گا جو میرے الفاظ کو جان بوجھ کر مسخ کر کے مجھے بدنام کر رہے ہیں۔‘

عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں بیان کردہ پروپیگنڈے کی مزید وضاحت نہیں کی تاہم ان کا یہ ردعمل ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک سیاسی جلسے میں کی گئی ان کی تقریر پر گزشتہ روز پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ردعمل دیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے فیصل آباد میں پارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے۔ ’آصف زرداری اور نواز شریف اپنا فیورٹ آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔‘
فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’ان کے الیکشن سے ڈرنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے۔‘
اس پر دیے گئے ردعمل میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’فیصل آباد میں ہونے والے سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے پاکستانی فوج کی سینیئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیز اور انتہائی غیر ضروری بیان پر پاکستان آرمی میں شدید غم و غصہ ہے۔‘
’ایک ایسے وقت میں پاکستانی فوج کی سینیئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے جبکہ پاکستانی فوج قوم کی سکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔‘
https://www.urdunews.com/node/698481
===============================================