صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو کا فلڈ ڈیوٹیز کے دوران فرائض میں غفلت برتنے پر محکمے کے افسران کیخلاف سخت ایکشن

کراچی:صوبائی وزیربرائےمحکمہ آبپاشی جام خان شورو نے فلڈ ڈیوٹیز کے دوران غفلت برتنے پر سخت ایکشن لیتےہوئے محکمہ آبپاشی کے دو سپرینٹنڈنٹ انجینئرز کو ہٹانے اور ایک سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے سخت کارروائی کرتے ہوئے دو سپرنٹنڈنٹ انجنیئر ساؤتھرن سرکل ضلع دادو عالم راہپوٹو اور سپرنٹینڈنٹ انجینئر ضلع خیرپور سرکل زاھد قریشی کو فی الفور برطرف کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔جبکہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر سلیم رضا مغل کو روہڑی کینال پر اپنی ذمہ داری میں غفلت برتنے پر معطل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا حکم دیا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیلابی ہنگامی صورتحال کے پیش نظرکسی بھی افسر کو اس ہنگامی صورتحال میں اپنے فرائض میں کوتاہی برتنے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا اور اس عمل میں خلاف ورزی کرنے والے افسران کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر سلیم رضا مغل کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔
قبل ازیں، صوبائی وزیر برائے محکمہ آبپاشی جام خان شورو نے منچھر جھیل میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور بعد میں سیوہن کے قریب ارل ھیڈ اور ٹیل کابھی دورہ کرتے ہوئے پانی کے بہاؤ اور صورتحال کا جائزہ لیااسکے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔ محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران کی ارل ہیڈ اور ٹیل پر پانی کے اخراج کے مطلق بریفنگ دی۔

===========================