رنبیر کپور کی کونسی ادا سوشل میڈیا صارفین کو بھاگئی؟

بھارتی چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کا اپنی حاملہ اہلیہ اداکارہ عالیہ بھٹ کے لیے فکر اور احساس کا انداز سوشل میڈیا صارفین کو بھاگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ عالیہ بھٹ گزشتہ روز ایئرپورٹ پر نظر آئے، ایئرپورٹ پہنچنے پر رنبیر کپور نے جلدی سے آگے بڑھ کر عالیہ کے لیے گاڑی کا دروازہ کھول کر ان کی گاڑی سے باہر آنے میں مدد کی۔
یہ مناظر کیمرے کی آنکھ نے قید کرلیے، ان کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر سوشل میڈیا صارفین کمنٹس میں رنبیر کپور کے اس عمل کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور جوڑی کو ’بہترین جوڑی‘ ہونے کا خطاب دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکار رنبیر کپور اپنی حاملہ اہلیہ اداکارہ عالیہ بھٹ کا مذاق اڑانے پر سخت تنقید کی زد میں رہے جس پر بعدازاں انہوں نے معافی بھی مانگی تھی۔
ان دنوں دونوں فنکار اپنی 9 ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم برہماسترا کے پرموشن میں مصروف ہیں۔ حقیقی زندگی کی یہ جوڑی پہلی بار فلم برہماسترا میں بھی ایک ساتھ نظر آئے گی۔